|

وقتِ اشاعت :   June 19 – 2016

کوئٹہ : صوبائی حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ جمعرات کے روز وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی زیر صدارت منعقد ہونے والا اعلیٰ سطحی اجلاس امن وامان کے حوالے سے تھا جس میں امن وامان کی مجموعی بہتری کیلئے جاری اقدامات کے ساتھ ساتھ ٹھوس بنیادوں پر مزید اقدامات کا جائزہ لیا گیا اجلاس میں وزیراعلیٰ نے بلوچستان میں امن وامان کے قیام کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دی اپنے ایک بیان میں ترجمان نے کہا ہے کہ ایسے اجلاسوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام، ڈویژنل کمشنروں سمیت تمام اہم افسران کی شرکت لازمی ہوتی ہے جبکہ مذکور اجلاس میں بیرسٹر امان اللہ کی شہادت کے واقعہ، سردازادہ اسد خان ترین سمیت دیگر افراد کے اغواء کے واقعات اور ان کی باحفاظت بازیابی سمیت سانگان ،مند ، بلو، تمپ اور آواران جیسے علاقوں میں عوام کو درپیش مشکلات کے حل، ان علاقوں میں حکومت کی رٹ کی بحالی ،سرکاری اداروں کو فعال کرکے افسران کی تعیناتی اور انہیں سہولتوں کی فراہمی جیسے امور کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ بھی ایسے اجلاسوں کا انعقاد تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا۔ ترجمان نے مذکورہ اجلاس کے حوالے سے شائع خبر سے پیدا ہونے والے تاثر کو حقائق کے منافی قرار دیا ہے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان، صوبائی کابینہ کے اراکین اور متعلقہ حکام عوام دوست بجٹ کی تیاری میں دن رات مصروف ہیں ۔ وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ خان زہری صوبائی کابینہ اور صوبائی حکام کو صوبے کے تمام عوام کی مشکلات اور ان کے خاتمے کیلئے جاری کوششوں کے ساتھ ساتھ موجودہ حالات کی بہتری کا مکمل ادراک ہے جس کے پیش نظر عوام کی مشکلات کو مد نظر رکھ کر بجٹ مرتب کیا جارہا ہے جو یقیناًایک متوازن ،عوام دوست اور تاریخی بجٹ ہوگا۔