۔ — فائل فوٹو

|

وقتِ اشاعت :   June 20 – 2016

کوئٹہ+تربت : کوئٹہ میں مسجد پر فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ تربت سے ایک شخص کی لاش برآمد، اس کے علاوہ تحصیل گلستان میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق پولیس کے مطابق تھانہ گوالمنڈی کی حدود میں افطاری کے وقت افغان روڈ پر واقع رحمانیہ مسجد کے اندر بیسمنٹ میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پولیس اہلکار محمد امین مینگل کو شہید کردیا۔ مقتول اہلکار پولیس کنٹرول میں تعینات تھا اور چھٹیاں لیکر تبلیغی جماعت کے ساتھ سہ روزے کیلئے مسجد میں موجود تھا۔ مقتول اہلکار وقوعہ کے وقت افطاری کیلئے فروٹ کاٹ رہا تھا۔ دہشتگرد فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے ۔ تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ادھر تھانہ خروٹ آباد کی حدود میں مغربی بائی پاس پر پشتون باغ ہوٹل کے قریب تین نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے کیبل آپریٹر صالح محمد ولد ولی محمد قوم اسحاق زئی سکنہ اسپینی روڈ کو زخمی کردیا اور فرار ہوگئے۔ زخمی کو بولان میڈیکل اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق زخمی کوپیٹ اورپاؤں میں دو گولیاں ماری گئی ہیں۔ فائرنگ کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے،قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان میں لڑائی جھگڑے میں ایک شخص کو قتل کردیا گیا۔ لیویز کے مطابق گلستان کے علاقے پنکئی میں معمولی تکرار پر جھگڑاہوا جس کے دوران، ملزم ملک باز محمد غبیزئی نے پستول سے فائرنگ کرکے بائیس سالہ نوجوان محمد نبی ولد ملک خدائے دوست اچکزئی کو قتل کردیا اور فرار ہوگیا۔ مقتول کو سینے میں ایک گولی ماری گئی۔ لاش ضابطے کی کارروائی کیلئے سول اسپتال کوئٹہ لائی گئی ، بلوچستان کے علاقے تربت سے سابق کونسلر اکبر علی بلوچ نے لاش برآمد کر لی گئی اطلاعات کے مطابق تربت کے علاقے دشت سے سابق بلدیاتی کونسلر اکبر علی بلوچ کی لاش برآمد کر لی گئی اور لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا ۔