|

وقتِ اشاعت :   June 22 – 2016

پیر س : سوئیڈن کے فٹبال کھلاڑی زلاتان ابراہیموچ نے یورو 2016 ٹورنامنٹ کے بعد بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے فٹبال کیریئر کو مایوسی کے بجائے قابل فخر انداز میں یاد رکھیں گے۔ منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے 34 سالہ سٹرائیکر کا کہنا تھا کہ وہ رواں سال اگست میں منعقد ہونے والی ریو اولمپکس مقابلوں میں ایک زائدالعمر کھلاڑی کے طور پر شامل نہیں ہوں گے۔خیال رہے کہ بدھ کو سوئیڈن یورو 2016 فٹبال ٹورنامنٹ کے گروپ ای کا اہم میچ بیلجیئم کے خلاف کھیل رہا ہے اور اگلے راؤنڈ میں جگہ بنانے کے لیے اس میچ میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ زلاتان ابراہیموچ 115 میچوں میں 62 گول سکور کر چکے ہیں، وہ سوئیڈن کے اگلے میچ کے بارے میں سوالات کا جواب دے رہے تھے کہ انھوں نے کہا کہ وہ ایک پیغام دینا چاہتے ہیں، ’(یورو 2016 کا) آخری میچ میرا سوئیڈن کے لیے آخری میچ ہوگا، اور میں امید کرتا ہوں کہ ایسا کل نہیں ہوگا۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ’مایوسی کے ساتھ اختتام۔۔۔ کبھی نہیں۔ میں نے جو کچھ بھی حاصل کیا اور میں کہیں بھی جاؤں مجھے اس پر فخر ہے، سوئیڈن کا جھنڈا ہمیشہ میرے ساتھ رہے گا۔ مایوسی کا وجود نہیں، صرف فخر ہے۔‘ یورو 2016 تاحال ابراہموچ کے لیے مایوس کن رہا ہے اور ابتدائی دو میچوں میں وہ کوئی بھی شاٹ صحیح ہدف پر لگانے میں ناکام رہے ہیں جبکہ سوئیڈن نے دو میچ کھیل کر صرف ایک پوائنٹ حاصل کیا ہے۔ زاتالان ابراہموچ نے سنہ 2001 میں جزائر فارو میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ وہ سنہ 2002 اور سنہ 2006 کے عالمی کپ مقابلوں اور گذشتہ چار یورپین چیمپین شپس میں سوئیڈن کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ وہ سنہ 2010اور 2014 میں منعقد ہونے والے فٹبال کے عالمی کپ مقابلوں میں شرکت سے محروم رہے کیونکہ سوئیڈن کی ٹیم ان میں کوالیفائی نہیں کر سکی تھی۔ ان کے بین الاقوامی کیریئر کا ایک یادگار لمحہ سنہ 2012 میں انگلینڈ کے خلاف دوستانہ میچ میں چار گول کرنا تھا، اس میچ میں سوئیڈن نے انگلینڈ کو دو کے مقابلوں میں چار گول سے شکست دی تھی۔ سوئیڈن کی فٹبال ٹیم کے کوچ ایرک ہمرن کا تھا کہ ’ہمارے پاس کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی کے پائے کا ایک بین الاقوامی کھلاڑی ہے اور وہ ہے زالاتان ابراہمووچ۔‘ ان کا کہنا تھا کہ زاتالان ابراہمووچ کی وجہ سے سوئیڈش فٹبال کو بہت کچھ حاصل ہوا۔