پشاور : اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے سربراہ فلیپو گرانڈی نے پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ افغان مہاجرین پر اپنے ملک میں دہشت گردی کا الزام نہ لگائیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق پاکستان میں موجود تقریباً 25 لاکھ افغان پناہ گزینوں کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے فلیپو گرانڈی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ افغان مہاجرین کی مدد کے لیے مزید فنڈز جاری کرے۔پشاور کے باہر وطن واپسی کے منتظر افغانیوں کے مرکز کے دورے کے دوران فلیپو گرانڈی نے کہا کہ میری ناصرف پاکستانی انتظامیہ بلکہ عوام سے بھی اپیل ہے کہ وہ ان مہاجرین کو دہشت گرد نہ سمجھیں۔افغانستان سے تعلقات میں کشیدگی کے بعد پاکستانی حکام نے اس جانب اشارہ دیا تھا کہ افغان مہاجرین کو وطن واپس بھیج دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنے دو روزہ دورہ پاکستان کے دوران، حکام کو 30 جون کی ڈیڈ لائن آگے بڑھانے کے حوالے سے منانے کی بھی کوشش کریں گے۔