کوئٹہ : گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے عالمو چوک پر ہونے والے بم دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اوربے گناہ لوگوں کے زخمی ہونے پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم اور نہتے انسانوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی ہے، انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں معصوم انسانی جانوں کو نشانہ بنانا ایک حیوانی فعل ہے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں ملوث عناصر کو گرفتار کرکے انہیں کیفردار تک پہنچایا جائے۔ گورنر بلوچستان نے بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے مغفرت جبکہ زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ،دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے عالمو چوک پر ہونے والے بم دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور بے گناہ لوگوں کے زخمی ہونے پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے وزیراعلیٰ بلوچستان نے آئی جی پولیس سے دہشت گردی کے اس واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ شہر میں حفاظتی اقدامات کو مزید سخت اور مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے قانون نافذ کرنے والوں اداروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماہ مقدس کے دوران معصوم انسانی جانوں کو نشانہ بنانے والے درندہ صفت عناصر کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے حکومت پرعزم ہے اور اس سلسلے میں سیکورٹی فورسز ہمت، حوصلے اور جوانمردی کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کررہی ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ آج دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے اور ان کے پاس چھپنے کے لئے کوئی جگہ نہیں۔ بے گناہ لوگوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کریں۔ انہوں نے بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے مغفرت اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ۔