|

وقتِ اشاعت :   June 25 – 2016

مارسلے:  انگلینڈ کی فٹبال ٹیم کے کپتان وین رونی نے دیگر کھلاڑیوں پر زور دیا ہے کہ وہ فرانس میں جاری یورو کپ ٹورنامنٹ میں مینیجر رائے ہاجسن کے فیصلے کا ’احترام‘ کریں۔ خیال رہے کہ رائے ہاجسن نے پیر کو انگلینڈ اور سلواکیہ کے درمیان یورو کپ کے ایک میچ میں انگلش ٹیم میں چھ تبدیلیاں کی تھیں اور یہ میچ بغیر کسی گول کے برابر ہو گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق سلواکیہ کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں رونی کو دوسرے ہاف میں متبادل کھلاڑی کے طور پر کھیلایا گیا تھا اور وہ اس فیصلے پر حیران ہوئے تھے۔ تاہم اب وین رونی کا اصرار ہے کہ ’انگلینڈ کے کیمپ میں خوشی پائی جاتی ہے۔‘ انھوں نے مزید کہا ’میں رائے کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں۔ ایک کھلاڑی کے طور پر آپ کھیلنا چاہتے ہیں تاہم یورو کپ کی آخری 16 ٹیموں تک پہنچنا اور آئس لینڈ کے خلاف میچ سے ٹیم مزید تازہ دم ہو جائے گی۔ انگلینڈ کے وین رونی پہلی بار فٹبال کے کسی بڑے مقابلے میں انگلینڈ کی ٹیم کی کپتانی کر رہے ہیں۔ اس بارے میں ان کا کہنا تھا کہ میرے لیے انگلینڈ کی ٹیم کی قیادت کرنا ایک اعزاز کی بات ہے۔ یورو کپ کے پری کوارٹر مرحلے میں سنیچر کو انگلینڈ کا مقابلہ آئس لینڈ سے جب کہ ویلز کا مقابلہ شمائی آئیر لینڈ سے ہو گا۔