|

وقتِ اشاعت :   June 27 – 2016

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ ملک دشمن عناصر نے جس جنگ کا آغاز کیا ہے اسے ہم اختتام پر پہنچائیں گے دہشت گردوں کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کرے گی دہشت گرد بزدل لوگ ہیں جو ہمیشہ پیچھے سے وار کرتے ہیں اور معصوم اور نہتے لوگوں کو بم دھماکوں کا نشانہ بناتے ہیں عوام گھبرائیں نہیں ان بزدل عناصر کا آخری حد تک پیچھاکرکے انہیں ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ شب چیف منسٹر بلوچستان ٹی 20-رمضان کرکٹ چمپئن شپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس کا اہتمام کوئٹہ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن نے کیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے بہادر اور غیور عوام نا تو پہلے دہشتگردوں سے مرعوب ہوئے ہیں اور نہ ہی آئندہ ہوں گے حکومت عوام کی حفاظت کیلئے تیار کھڑی ہے ہم عوام کے ساتھ مل کر صوبے کو دہشتگردی سے پاک کریں گے بلوچستان کے عوام اور حکومت بزدل نہیں ایک پر امن بلوچستان کے قیام کیلئے ہر شخص اور حکومت پر عزم ہے پڑھے لکھے پر امن بلوچستان کا قیام ہمارا عزم ہے آنے والی نسلوں کو ترقی یافتہ اور خوشحال بلوچستان دیکر جائیں گے انہوں نے کہا کہ حکومت اور سیکورٹی فورس کے اقدامات کی بدولت صوبے میں امن وامان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اس صورتحال کو مزید بہتر بنایا جائے گا انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو برس کے دوران صوبائی حکومت نے ضلعی اور صوبائی سطح پر مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کرکے عوام کا اعتماد اور شہروں کی رونقیں بحال کیں ۔ اس قسم کے مقابلوں کا انعقاد باقاعدگی کے ساتھ جاری رہے گا جن معاشروں میں کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں نوجوان منشیات اور منفی سرگرمیوں سے محفوظ رہتے ہیں حکومت صوبے میں کھیلوں کے فروغ کی جانب خصوصی توجہ دے رہی ہے اور آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اس مد میں خطیر فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے کامیاب انعقاد نے دنیا پر ثابت کردیا کہ پاکستان کے عوام پر امن اور کھیلوں سے محبت کرنے والے لوگ ہیں جبکہ کوئٹہ گلیڈییٹر کی ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے بلوچستان کے لوگوں کے دل جیت لئے وزیراعلیٰ نے پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد کو پی سی بی کے حکام بالخصوص نجم سیٹھی کی انتھک کوشش کا نتیجہ قرار دیا جبکہ انہوں نے کوئٹہ گلیڈییٹر کے مالک ندیم عمر کو بھی مبارکباد پیش کی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے بلوچستان میں کرکٹ کے فروغ ضلع کی سطح پرکرکٹ گراؤنڈ کی تعمیر اور بلوچستان کے نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے اکیڈمی کے قیام کے حوالے سے پی سی بی کے چےئرمین شہر یارخان سے تفصیلی ملاقات کی ہے اور جلد پی سی بی اور صوبائی حکومت کے اشتراک سے کرکٹ کے فروغ کے مجوزہ منصوبوں کوعملی جامہ پہنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر نائٹ کرکٹ چمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کیلئے پچاس لاکھ روپے اورنواب اکبر بگٹی سٹیڈیم میں فلڈ لائٹ کی تنصیب کا اعلان کیا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے رمضان کرکٹ چمپین شپ کے انعقاد کو صوبے کے نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کوئٹہ میں امن کے قیام کی کامیاب کوششوں کا حصہ قرار دیتے ہوئے کیا کہ اس قسم کی معیاری اور صحت مند سرگرمیاں اس بات کا مظہر ہیں کہ بلوچستان اور خاص طور سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں امن قائم ہوچکا ہے انہوں نے کہا کہ بعض قوتیں اور عناصر نہیں چاہتیں کہ بلوچستان میں امن ہو وہ صوبے میں امن خراب کرنے کیلئے سازشوں میں مصروف ہیں تاہم حکومت ایسی تمام سازشوں کو ناکام بنانے کا عزم اور حوصلہ رکھتی ہے اب تک بہت سے دہشتگردوں اور ان کے سرپرستوں کو کیفر کردار تک پہنچادیاگیا ہے اور آئندہ بھی ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ہم اپنے عوام کو دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہرگز نہیں چھوڑیں گے بلکہ ان کے تحفظ کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار اور ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری دیگر شعبوں کے ساتھ ساتھ شعبہ کھیل کی ترقی بالخصوص کرکٹ کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور صوبے کے نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے اپنے مختصر دور اقتدار میں انہوں نے قابل تحسین اقدامات کئے ہیں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی کرکٹ چمپئن شپ کی افتتاحی تقریب میں شرکت سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور منتظمین کی بھی حوصلہ افزائی ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے کھلاڑیوں میں صلاحیتوں کی کمی نہیں ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ انہیں بہتر مواقع فراہم کئے جائیں اور ان کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ وہ صوبے اور ملک کا نام روشن سکیں۔ اس موقع پر انہوں نے صوبے میں کرکٹ کے فروغ کے حوالے سے بعض سفارشات بھی پیش کیں ۔ تقریب میں کامران مرتضی ٰ ایڈوکیٹ ، سید اکبر شاہ، محمد خیر، چےئرمین کوئٹہ کرکٹ ایسوسی ایشن اور ڈائریکٹر سپورٹس نذر بلوچ بھی موجود تھے جبکہ شائقین کی بہت بڑی تعداد نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی ٹورنامنٹ میں 23ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ نے شارٹ لگا کر ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔