نائس:انگلینڈ فٹ بال ٹیم کے کوچ روئے ہڈسن یورو 2016 کے ناک آؤٹ مرحلے میں آئس لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔
روئے ہڈ سن نے یوروکپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں آئس لینڈ کے ہاتھوں 1-2 سے شکست کے بعد پریس کانفرنس میں عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا۔
68 سالہ روئے ہڈسن نے چارسال قبل اٹلی کے فیبیو کیپیلو کے بعد انگلش ٹیم کی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں لیکن بڑے مقابلوں میں 11 میچوں میں سے صرف 3 میں کامیابی دلاسکے۔
ٹیم کے کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم یورو سے باہر ہیں اب وقت آگیا ہے کوئی اور ان باصلاحیت اور بہتری کے لیے بے تاب کھلاڑیوں کی نگرانی کرے، میری اس عہدے پر مزید دو سال ٹھہرنے کی آرزو تھی لیکن یہ وقت کسی اور کے ذمہ داری لینے کا ہے’۔
انگلینڈ کی ٹیم یورو کپ 2016 کے گروپ بی میں شامل تھی جہاں اس نے روس کے خلاف پہلا میچ 1-1 سے برابر کھیلا، ویلز کو 1-2 سے شکست دی جبکہ آخری گروپ میچ سلوواکیا کے خلاف کھیلا تھا جو بغیر کسی گول کے برابر رہا، انگلینڈ گروپ بی میں دوسری پوزیشن پر موجود تھی۔
ہڈسن کے ساتھ ساتھ دیگر کوچنگ اسٹاف گیری نیول اور رے لیونگٹن بھی اپنے عہدے چھوڑ رہے ہیں۔
ہڈسن کی نگرانی میں انگلش ٹیم نے کوالیفائر میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور یورو 2016 میں پہنچنے کے لیے 10 میچوں میں کامیابی سمیٹی لیکن اہم ایونٹ کے 11 میچوں میں سے صرف 3 اپنے نام کرسکے۔
انگلینڈ ٹیم2012 کے یورو کپ کے کوارٹرفائنل میں پنالٹی شوٹ پر اٹلی کے ہاتھوں شکست کے بعد باہر ہوگئی تھی جبکہ ورلڈ کپ 2014 میں کوئی میچ جیتے بغیر گروپ مرحلے سے ہی واپس لوٹنا پڑا تھا۔
ہڈسن کی کوچنگ میں انگلینڈ ٹیم نے مجموعی طورپر 56 میچ کھیلے جس میں 33 میں کامیابی اور 8 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ان کی ٹیم نے اس دوران 109 گول کیے اور ان کے خلاف 44 گول کئے گئے۔