|

وقتِ اشاعت :   June 30 – 2016

اسلام آباد: کینیڈین حکومت بلوچستان میں ہزار میگا واٹ تک کا سولر پاورپلانٹ لگائے گی جس کے لیے تمام سرمایہ کاری کمرشل کارپوریشن کینیڈا کرے گی جو کہ کینیڈئن حکومت کا ادارہ ہے، اس حوالے سے یہاں منعقدہ ایک سادہ اور پروقار تقریب میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے۔ چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ ،کینیڈا کے قائم مقام ہائی کمشنر مسٹر سٹارٹ سیویج (Stuart Savage) ، وائس چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انوسٹمنٹ خواجہ ہمایوں نظامی بھی اس موقع پر موجود تھے، حکومت بلوچستان کی جانب سے سیکریٹری محکمہ توانائی خلیق نذر کیانی اور کینیڈا کی طرف سے کمرشل کارپوریشن کینیڈا کی ایک عہدیدار نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے جبکہ چیف سیکریٹری بلوچستان نے بطور گواہ معاہدے پر دستخط کئے ۔یہ منصوبہ حکومت سے حکومت ہوگا، جس میں تمام تر سرمایہ کاری کمرشل کارپوریشن کر رہی ہے یہ منصوبہ 18ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کر لیا جائیگا، جسے بعد میں توسیع بھی دی جا سکے گی، منصوبے کے لیے حکومت بلوچستان اراضی سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کرے گی۔ اس موقع پر کینیڈئن قائم مقام ہائی کمشنر سے بات چیت کرتے ہوئے چیف سیکریٹری بلوچستان نے شمسی توانائی کے شعبہ میں کینیڈئن سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی قیادت میں صوبائی حکومت توانائی سمیت دیگر شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، جبکہ کینیڈئن ہائی کمشنر نے بلوچستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا کی حکومت بلوچستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں اضافے کا جائزہ لے گی۔