کوئٹہ : صوبائی دارالحکومت میں دہشت گردی کے وارداتوں پر صوبائی وزراء اور سیاسی رہنماؤں نے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہے، اپوزیشن لیڈر مولانا واسع نے کہا کہ کوئٹہ میں دہشت گردی کی مسلسل واقعات سوالیہ نشان ہے، صوبائی وزراء نواب محمدخان شاہوانی سرفراز بگٹی نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد مذموم مقاصد کیلئے لوگوں میں خوف کا احساس پیداکرنا چاہتے ہیں، دہشت گردی میں اضافے کے واقعات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بلوچستان اسمبلی میں جمعیت علماء اسلام کے پارلیمانی و اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع نے کوئٹہ شہر میں بدامنی کے واقعات پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک دفعہ سے مسلسل بے گناہ لوگوں کو ایف سی اورپولیس اہلکاروں کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے جو کہ قابل مذمت اقدام ہے اور اس کے واقعات کی روک تھام کیلئے حکومت اور ادارے اپنا کردار ادا کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک دفعہ کے دوران کوئٹہ میں مسلسل بدامنی کے واقعات میں اچانک اضافہ سوالیہ نشان ہے کچھ دن قبل عالموچوک پر بے گناہ اور غریب لاچار لوگ بم دھماکے میں شہید و زخمی ہوئے اور بعد میں شہر کے مختلف علاقوں سریاب روڈ ‘ ہزار گنجی اور ڈبل روڈ پر ایف سی اور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا جارہا ہے اس طرح کے واقعات قابل مذمت اقدام ہیں اور اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے حکومت اور ادارے اپنا کردار ادا کریں اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں،دریں اثناء بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) کے سربراہ و سینیٹر میر اسرار زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے پٹ فیڈر کینال سے کوئٹہ میں پانی کی فراہمی کیلئے پانی فراہم کرنا کرپشن کیلئے ایک نیا راستہ فراہم کر دیا گیا اور بلوچستان کے وسائل لوٹنے کے ڈرامے چلتے رہیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہر سال ترقی کیلئے اربوں روپے مختص کئے جاتے ہیں لیکن افسوس کے کہ وہ عوام پر خرچ کرنے کے بجائے کرپشن کی نظر ہوجاتے ہیں حالیہ دنوں جس طرح کرپشن کے واقعات منظر عام پر آئے ہیں اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی بلوچستان میں گزشتہ 65 سالوں سے ترقی کے نام پر جو ڈرامے رچائے جارہے ہیں ان سے سب آگاہ ہیں کوئٹہ شہر کیلئے پٹ فیڈر کینال سے پانی کی فراہمی کیلئے فنڈز مختص کرنا کرپشن کی راہ ہموار کرنا ہے اگر 4 سو یا 5 سو کلومیٹر کے فاصلے سے پانی فراہم کیا جارہا ہے تو کوئٹہ شہر کے قریب علاقوں میں ڈیم بنا کر کوئٹہ میں پانی کی قلت کو ختم کیا جاسکتا ہے مگر افسوس کہ یہ نام نہاد لوگ حکومت میں بیٹھ کر عوام کی خدمت کرنے کے بجائے لوٹ مار کرنے میں مصروف ہیں سابقہ حکومت پر تنقید کرنے والوں کو خود عوام کو پسماندہ میں ڈبو دیا آئے روز بدامنی کے واقعات رونما ہورہے ہیں اور ان کا کوئی نوٹس لینے والا نہیں ہے ،دریں اثناء عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئرزمرک خان اچکزئی نے ڈبل روڈ پر ایف سی اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ سمیت ایک بار پھر امن دشمن عناصر حالات کا خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے حکومت اپنی کارکردگی کو ظاہر کرے اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران جس طرح کوئٹہ شہر میں بدامنی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے یہ حکومت کیلئے ایک سوالیہ نشان ہے اور حکومت و قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کو تحفظ دینے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں کیونکہ کوئٹہ شہر میں غریب لوگ محنت مزدوری میں مصروف رہتے ہیں اور دشمن عناصر بے گناہ انسانوں کو خون میں نہلادیتے ہیں انہوں نے گزشتہ روز سریاب ‘ ہزار گنجی اور ڈبل روڈ پر ایف سی اور پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کی اور کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی غمزدہ خاندان کیساتھ غم میں برابر کے شریک ہیں ،دریں اثناء صوبائی وزیر ایس اینڈ جی اے ڈی نواب محمد خان شاہوانی نے ڈبل روڈ پر سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ میں متعدد اہلکاروں کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر اپنی مذموم کاروائیوں سے خوف و دہشت کی فضا پیدا کرکے لوگوں میں عدم تحفظ کا احساس پید اکرنا چاہتے ہیں لیکن حکومت عوام کے تعاون سے ان عناصر کو ناکام بنادے گی صوبائی وزیر نے واقعہ میں شہید ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے،دریں اثناء صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے ایف سی پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد اپنی کارروائیوں کے ذریعے خوف پھیلانا چاہتے ہیں موجودہ حکومت نے صوبے سے دہشت گردی کا جڑ سے ختم کرنے کا عزم کر لیا ہے جس کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن کے قیام کیلئے ایف سی کی قربانیاں روز روشن کی طرح عیاں ہے ہمارے نوجوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانہ پیش کرکے بلوچستان کے عوام کو امن کا تحفہ دیا اپنے شہداء کی قربانیوں کومشعل راہ بنا کر امن کی جدوجہد کرتے رہیں گے انہوں نے کہا موجودہ حکومت صوبے میں امن کے قیام کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے یہی وجہ ہے کہ دہشت گردوں کیخلاف موثر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں دہشت گرد اپنی آخری سانسیں لے رہے ہیں ہم اپنے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے اور اس صوبے سے دہشت گردی کے ناسور کو نکال باہر کریں گے ۔