|

وقتِ اشاعت :   June 30 – 2016

اسلام آباد : عالمی بنک اور یورپی یونین بلوچستان میں آبپاشی کے نظام کی بہتری دریائے ناڑی کو زیادہ کار آمد بنانے ، دیہی ترقی ،مزدوروں وکسانوں کی آمدن میں اضافے کیلئے 27کروڑ ڈالر سے زائد کی امداد دے گی، ذرائع کے مطابق عالمی بینک نے بلوچستان کے زرعی علاقوں میں پانی کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے 20 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔بلوچستان کے کسانوں کی آمدن اور آب پاشی کے نظام کو بہتربنانے کی خاطر عالمی بینک نے 20 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے۔ ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ منصوبے کا مقصد طویل مدت کے لیے صوبے میں فراہمی آب کے مسئلے کو حل کرنا ہے۔ اس منصوبے سے لگ بھگ 42 ہزار 800 چھوٹے کسان مستفید ہو سکیں گے۔منصوبے کے ٹیم لیڈر ولیم ینگ کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں زیر زمین پانی کا استعمال کافی حد تک بڑھ چکا ہے۔ اس لئے اب ضروت اس بات کی ہے آب پاشی کے نظام میں بہتری اور پانی کے ذخائر بڑھانے کے لئے مناسب اقدامات اٹھائیں جائیں گے،دریں اثناء پاکستان اور یورپی یونین میں بلوچستان کی دیہی ترقی اورمزدوروں کی فلاح کیلئے معاہدہ طے پا گیا، معاہدے کے مطابق یورپی یونین 4کروڑ 86لاکھ یورو فراہم کرے گا۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان بلوچستان کی دیہی ترقی اور مزدوروں کی فلاح کیلئے معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے کے مطابق یورپی یونین بلوچستان کی دیہی ترقی کیلئے4کروڑ 86لاکھ یورو فراہم کرے گااورمزدوروں کی فلاح کیلئے یورپی یونین ایک کروڑ20لاکھ یورو اور آئی ایل او 6لاکھ یورو فراہم کرے گا۔ یورپی یونین کے ناظم الامور ای یو نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان میں ترقی کے شعبے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ایف بی آر کے چیئرمین طارق باجوہ نے کہا کہ ترقی کے شعبے میں یورپی یونین کے مسلسل تعاون کو سراہتے ہیں۔