کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی دانش مندانہ قیادت کی ایک اور کامیابی یہ ہے کہ بلوچستان کی حکومت نے 18ویں ترمیم سے حاصل ہونے والے مواقع سے بہترین انداز میں استفادہ کرنا شروع کردیا ہے۔کنیڈا کی حکومت بلوچستان میں ہزار میگا واٹ تک کے سولر پلانٹ لگائے گی اس سلسلے میں کنیڈا اور بلوچستان کی حکومتوں کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوچکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق 18ویں ترمیم کے بعد صوبوں کو حاصل ہونے والے اختیارات کے تحت حکومت بلوچستان نے پہلی بار اتنے بڑے منصوبے کے حصول کیلئے کنیڈین حکومت کے ساتھ براہ راست معاہدہ کیا ہے اس میں صوبائی چیف سیکرٹری سیف اللہ چٹھہ اور وائس چےئرمین بورڈ اف انویسٹمنٹ خواجہ ہمایوں نظامی نے نمایاں اور فعال کردار ادا کیا۔ معاہدے کے تحت 50, 50میگاواٹ کے پلانٹ صوبے کے مختلف علاقوں میں لگائے جائیں گے صوبائی اسمبلی میں مختلف پارلیمانی پارٹیوں کی مشاورت سے مقامات کا تعین کیا جائے گا۔ توانائی کے شعبے میں یہ اہم منصوبہ صوبائی حکومت کی فعال اور شاندار کارکردگی کا ٹھوس ثبوت ہے اب تک کسی دوسرے صوبے نے کسی ملک کے تعاون سے اتنا بڑا منصوبہ نہیں لگایا ہے بلوچستان کی ترقی خاص طور سے عام آدمی کی فلاح و بہبود کے تناظر میں حکومت کی اس شاندار کارکردگی کیلئے وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔