|

وقتِ اشاعت :   July 4 – 2016

مستونگ : چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے اتوار کے روز مستونگ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی ، اجلاس کا انعقاد گذشتہ روز مستونگ میں پولیس اور لیویز اہلکار کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے تناظر میں کیا گیا تھا، جس میں آئی جی پولیس، سیکریٹری داخلہ، کمشنر کوئٹہ ، کمانڈنٹ قلات سکاؤٹس، ڈی آئی جی کوئٹہ، ڈی آئی جی اسپیشل برانچ، کمشنر قلات ڈویژن، ڈی سی مستونگ، ایس ایس پی مستونگ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں ضلع مستونگ میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے گذشتہ روز کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کئے جائیں گے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے جن میں پولیس ، ایف سی اور لیویز شامل ہیں ضلع میں امن و امان کے قیام اور سماج دشمن عناصر کے خلاف مشترکہ کاروائیاں کریں گے اور اس بات سے اتفاق کیا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید فعال اور موثر کردار ادا کرنا ہوگا، اجلاس میں متعلقہ اداروں کو سماج دشمن عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھرپور کاروائی کی ہدایت کی گئی، جبکہ کمشنر قلات ڈویژن کو ان کاروائیوں کی نگرانی اور اجلاس کے دوران طے پائے جانے والے امور پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مقامی لوگوں بالخصوص سیاسی و قبائلی عمائدین کا اعتماد بحال کرنے اور ان سے مربوط روابط کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ بعدازاں چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ شہید رسالدار مستونگ لیویز ، شہید پولیس سپاہی اور شہید شہری کے گھروں پر گئے جہاں انہوں نے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور شہدا کے درجات کی بلندی کی دعا کی، چیف سیکریٹری نے لواحقین کو یقین دلایا کہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث عناصر کو ہرگز معاف نہیں کیا جائیگا اور انہیں جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا انہوں نے کہا کہ ان کی مستونگ آمد کا مقصد ضلع میں امن و امان کے قیام سے متعلق امور کا جائزہ لینا اور ان پر عملدرآمد کو یقینی بناناہے۔