|

وقتِ اشاعت :   July 5 – 2016

کوئٹہ : کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ تھم نہ سکا۔ جیل روڈ پر نامعلوم دہشتگروں نے مسجد کے اندر فائرنگ کرکے سجدے کی حالت میں موجود پولیس سب انسپکٹر کو شہید کردیا۔ پولیس کے مطابق سب انسپکٹر ملک مشتاق احمد حسن زئی ولد ملک اقبال جیل روڈ پر محلہ فقیر آباد میں اپنے گھر کے قریب مسجد میں عصر کی نماز باجماعت ادا کررہے تھے۔ آخری صف میں کھڑے ملک مشتاق پر نامعلوم دہشتگردوں نے اس وقت فائرنگ کی جب وہ سجدہ ادا کررہے تھے۔ دہشتگردوں نے پیچھے سے سر پر تین سے زائد گولیاں ماریں جس سے وہ موقع پر ہی شہید ہوگئے۔ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ مسجد میں بھگڈر مچ گئی ۔ شہید سب انسپکٹر کی لاش سول اسپتال کوئٹہ لے جائی گئی۔ اس موقع پر ملک مشتاق کے عزیز و قارب اور پولیس اہلکاروں اور افسران کی بڑی تعداد اسپتال پہنچی ۔ اسپتال میں رقت آمیز مناظر دیکھے گئے۔ ملک مشتاق سریاب کے ایس ایچ او رہ چکے تھے اور آجکل نیب کے ساتھ اٹیچمنٹ ڈیوٹی ادا کررہے تھے۔ یاد رہے کہ کوئٹہ میں رواں ہفتے ٹارگٹ کلنگ کا یہ چوتھا بڑا واقعہ ہے جس میں اب تک پولیس کے پانچ اہلکاراور ایف سی کے چار اہلکاروں کو نشانہ بنایا جاچکا ہے۔ جبکہ رمضان المبارک میں اب تک سات پولیس اہلکاروں سمیت گیارہ سیکورٹی اہلکاروں کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔ اسی طرح مستونگ میں بھی تین دن قبل ٹارگٹ کلنگ کے دو واقعات میں پولیس اور لیویز اہلکاروں سمیت تین افراد کو قتل کیا گیا۔ جس کے بعد دونوں شہروں میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی لگادی گئی ہے۔ دریں اثناء شہید ملک مشتاق کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کردی گئی جس میں آئی جی پولیس احسن محبوب، ڈی جی نیب بلوچستان میجر ریٹائرڈ طارق محمود ملک ، اعلیٰ پولیس، سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہید سب انسپکٹر کو پولیس کے چاک و چوبند نے سلامی بھی پیش کی۔ گوادر اور تربت میں فائرنگ کے واقعات میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق گوادر کے علاقے نیا آباد میں تین نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے نصیر احمد ولد حاجی حمزہ کو اس وقت فائرنگ کرکے قتل کردیا جب وہ اپنے گھر کے باہر کھڑے تھے۔ مقتول کا اابائی تعلق تربت کے دیہی علقے زرین بگ سے بتایا جاتا ہے۔ پولیس نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی ۔ ادھر ضلع کیچ کے علاقے مند سارو کے بازار میں واقع دکان پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس سے دکان کا مالک نعیم ولد یوسف جاں بحق ہوگیا۔ فائرنگ کی وجہ معلوم نہ ہوسکی ۔