کوئٹہ: گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے عیدالفطر کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ اس موقع پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ عید کا دن تمام مسلمانوں کے لئے ماہ رمضان کے دوران عبادات، ریاضت، اطاعت شعاری اور روزوں کی مشقت برداشت کرنے کے صلے میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے انعام کا دن ہے اور اپنی خوشیوں کے اظہار کا موقع بھی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ عید کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں یتیموں، ناداروں، بیواؤں ا ور بے سہارا افراد کو نہیں بھولنا چاہیئے جو ہماری مدد اور توجہ کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ایسے لوگوں کا خیال رکھنا اور انہیں اپنی خوشیوں میں شامل کرنا نہ صرف ہمارا فرض ہے بلکہ عین عبادت بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا چاہئے کہ ہم اپنی صفوں میں مکمل یکجہتی ، رواداری اور ہم آہنگی کو برقرار رکھتے ہوئے یہ ثابت کردیں گے کہ ہم ایک متحد اور مضبوط قوم ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پوری امت مسلمہ کو اتفاق واتحاد کی نعمت سے نوازے، ہماری ترقی وخوشحالی میں اضافہ ہو اور نہ صرف ہمارے ملک بلکہ سارے عالم اسلام کا دنیا میں بول بالا ہو،وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر اہل بلوچستان سمیت ملک بھر کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے ایک تہنیتی بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماہ رمضان کے اختتام پر عید کا دن ان مسلمانوں کے لئے اللہ تعالیٰ کی جانب سے ایک انعام ہوتا ہے جو رمضان المبارک میں اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے لئے تزکیہ نفس کرتے ہوئے صبروتحمل ، ایثار اور برداشت کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ عید کے دن اپنی خوشیوں میں ان نادار افراد، سائلین اور غرباء کو بھی شریک رکھیں جو اس کی سکت نہیں رکھتے اور اپنی عبادات میں صوبے وملک کی سلامتی، تحفظ ترقی وخوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کریں۔ وزیراعلیٰ نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی ہے کہ وہ ہمارے ملک پر اپنا خصوصی رحم وکرم فرمائے اور اسے ہرقسم کی دہشت گردی اور بدامنی محفوظ رکھ کر استحکام سے نوازے۔