برطانیہ کے وزیر اعظم ٹونی بلیئر نے کہا ہے کہ صدام حسین کو اقتدار سے علیحدہ کرنے کے نتیجے میں لیبیا کا کیمیائی اور جوہری ہتھیاروں کا پروگرام ختم کرنے اور پاکستان کے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے نیٹ ورک کو بند کرنے میں مدد ملی۔
عراق پر فوج کشی میں شامل ہونے کے برطانوی حکومت کے فیصلہ پر چلکوٹ انکوائری رپورٹ پر اپنے رد عمل میں ٹونی بلیئر نے ایک طویل تقریر کی اور ان حالات کو تفصیل سے بیان کیا جن میں عراق پر حملہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ٹونی بلیئر نے کہا کہ عراق پرحملہ ان کے دس سالہ دورۂ حکومت کا سب سے سخت ترین اور اذیت ناک فیصلہ تھا۔ عراق پر فوجی کش کرنے کے برطانوی حکومت کے فیصلے پر انکوائری کمیشن کی رپورٹ کے جاری ہونے کے بعد اس وقت کے وزیر اعظم ٹونی بلیئر نے کہا کہ کسی حیل و حجت کے بغیر وہ اس فیصلے کی پوری ذمہ داری قبول کرتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ وہ اس فیصلے پر عوام میں پائی جانے والی تقسیم سے آگاہ ہیں اور وہ پورے خلوص اور دل کی گہرائیوں سے ان لوگوں کا دکھ اور دور محسوس کرتے ہیں جس کا لفظوں میں اظہار ممکن نہیں کہ جنھوں نے اس جنگ میں اپنے کسی عزیر یا رشتہ دار کو کھو دیا، چاہیے وہ برطانوی فوج میں تھے، یا کسی دوسرے ملک کی فوج میں یا وہ عراقی ہوں۔ برطانیہ کے سابق وزیراعظم ٹونی بلیئر نے سر جان چلکوٹ کی رپورٹ پر کہا ہے کہ ’ان کا صدام حسین کے خلاف فوجی کارروائی کا فیصلہ اچھی نیت سے کیا گیا تھا اور انھیں یقین ہے کہ یہ ملک کے بہترین مفاد میں تھا۔ عراق پر حملے کے وقت برطانیہ کے وزیراعظم ٹونی بلیئر نے کہا کہ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ چلکوٹ رپورٹ میں امریکہ کے ساتھ تعلقات، تیاری، منصوبہ بندی اور طریقہ کار کے بارے میں صحیح اور مادی تنقید کی گئی۔ موجودہ برطانوی وزیراعطم ڈیوڈ کیمرون نے دارالعوام میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ’مجھے امید ہے کہ وہ رشتہ دار جن کے پیارے عراق جنگ میں مارے گئے، انھیں یہ جان کر کچھ سکون ملے گا کہ ہم ناقابل یقین قربانیوں کو نہیں بھولیں گے۔ ‘ وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے جنگ میں مارے جانے والے فوجیوں کے اہل خانہ کے حوالے سے کہا کہ’ انھوں نے اپنا سب کچھ ملک پر قربان کر دیا۔‘ وزیراعظم نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے پارلیمان میں اس رپورٹ پر پارلیمان پورے دن بحث ہو گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان خاندانوں کے لیے یہ مشکل دن ہے جنھوں نے اپنے پیارے (عراق جنگ) میں کھو دیے۔ سر جان چلکوٹ کی رپورٹ جاری ہونے کے بعد عراق جنگ میں مارے جانے والے برطانوی فوجیوں میں سے چند کے اہل خانہ نے ایک نیوز کانفرنس کی ہے۔ اس نیوز کانفرنس میں جنگ میں ہلاک ہونے والے ایک فوجی کی بہن نے کہا کہ’ ایک دہشت گرد ہے جس کے بارے میں دنیا کو علم ہونا چاہیے اور وہ شخص ٹونی بلیئر ہے۔‘ جنگ میں مارے جانے والے ایک فوجی کی ماں نے کہا کہ وہ اپنے بیٹے کے قتل کا ٹونی بلیئر کو ذمہ دار سمجھتی ہیں۔عراق پرحملے سےڈاکٹر خان نیٹ ورک ختم کرنےمیں مدد ملی‘
وقتِ اشاعت : July 6 – 2016