لندن: چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں لیکن وہ خوش فہمی میں نہ رہیں کیونکہ اب ہم انہیں قانون کے نیچے لائیں گے۔
لندن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ نوازشریف اپنے آپ کو بادشاہ سمجھتے ہیں کہ وہ کسی کو جواب دہ نہیں مگر ہم ان کو مجبور کریں گے کہ وہ قانون کو جواب دہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی بادشاہت کے خلاف تحریک کا آغاز سیالکوٹ جلسے سے ہوچکا ہے جس میں تمام پارٹیوں کو ساتھ ملاؤں گا اور اگر کوئی ساتھ نہیں آیا تو اکیلا ہی کافی ہوں جب کہ تحریک کے لیے اگلا لائحہ عمل 20 جولائی کو بتاؤں گا کہ سارے پاکستان میں ہماری تحریک کیسے چلے گی۔
چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف خود کو بادشاہ سمجھتے ہیں اور ملک کا وزیراعظم ہوتے ہوئے قانون بھی توڑیں، منی لانڈرنگ کریں، ٹیکس چوری کریں اور کرپشن بھی کریں لیکن ان پر کوئی قانون لاگو نہ ہو، انہیں خوش فہمی میں نہیں رہنا چاہیے کیوں کہ اس بار ہم وزیراعظم کو قانون کے نیچے لے کر آئیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ ہزاروں کی چوری کے لیے غریب انسان تو جیلوں میں جاسکتے ہیں لیکن اربوں کی چوری کرنے والوں کو نہیں پوچھتا اور ہم ایسا ہونے نہیں دیں گے۔
واضح رہے کہ عمران خان ان دنوں 8 روزہ دورے پر لندن میں موجود ہیں۔