کوئٹہ : پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی چیف آرگنائزرسرداریارمحمد رند نے کہاہے کہ غریب عوام کے وسائل اورقومی دولت لوٹنے والے احتساب سے نہیں بچ سکتے،عمران خان 20 جولائی کو آئندہ کی حکمت عملی کااعلان کریں گے جس کے بعد پانالیکس کی بدترین بدعنوانی کے خلاف پاکستان کے کونے کونے میں ملکی تاریخ کاسب سے بڑا عوامی سیلاب امڈ آئیگا۔بلوچستان میں عوام کے استحصال کی حدہوگئی۔عمران خان کے ساتھ واضح کمنٹمنٹ کی ہے کہ وہ اقتدار میں آکربلوچستان کے عوام کا احساس محرومی ختم کرنے کیلئے قابل عمل اورٹھوس اقدامات اٹھائیں گے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ابوظہی میں پاکستان کے سابق سفارت کاروپیپلزپارٹی کے سینئرکارکن میرشاہ میرخان عمرانی کی پی ٹی آئی میں شمولیت اورنصیرآباد ڈویژن کے سینئراراکین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سردار یارمحمد رند نے کہاکہ قومی سطح کی راویتی پارٹیوں کے ساتھ ساتھ بلوچستان کی قوم پرست اورمذہبی جماعتوں نے بھی عوام کو شدیدمایوس کیاہے پاکستان کے دیگرباشعوروطبقات کی طرح اب بلوچستان کی عوام کی توقعات کامحور بھی پی ٹی آئی ہے ہم بلوچستان کے غیورعوام کے حقوق اورصوبے کے ساحل ووسائل پریہاں کے افراد کی حق ملکیت کی جنگ جمہوری انداز میں اسلام آباد اوربلوچستان کے ایوانوں میں میں لڑیں گے ۔سرداریارمحمد رند نے کہاکہ پی ٹی آئی میں ہراس فرد کوخوش آمدید کہیں گے جوصاف ستھرے وبے داغ کردارکاحامل ہونے کے ساتھ ساتھ عوامی خدمت کے جذبہ سے سرشارہوگا۔سرداریارمحمد رند نے نصیرآباد ڈویژن میں تمام سطح پرتنظیم ساز ی کے امورمکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔اس موقع پرفیصل نسیم کھوسو کوضلع صحبت پورکاآرگنائزرجبکہ محمدعارف رندکو ڈویژنل رابطہ سیکرٹری نصیرآباد نامزد کیاگیا۔صوبائی چیف آرگنائزرنے ہدایت کی کہ صوبے بھرمیں تنظیم سازی کاعمل جلد ازجلد مکمل کیاجائے تاکہ حکومت کے خلاف متوقع احتجاجی پروگرامز کادائرہ مؤثرطورپرصوبے کے کونے کونے میں وسیع کیاجاسکے ۔