|

وقتِ اشاعت :   July 12 – 2016

کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جانب سے بے گناہ اور نہتے کشمیری مردوخواتین پرظلم وجبر اور اس دوران فائرنگ سے کئی افرد کی شہادت پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدیدمذمت کی ہے اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارت نہایت ڈھٹائی سے نہ صرف وادی کشمیر پر قابض ہے بلکہ اس کی مسلح قابض افواج کشمیریوں کے خلاف ظلم و ستم کا بازار گرم کئے ہوئے ہیں جو کہ سراسر بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی کشمیر سے متعلق قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کئی دھائیوں سے سے حق خودارادیت کے حصول کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اس جدوجہد کے دوران لاکھوں کشمیری جام شہادت نوش کرچکے ہیں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پاکستان ابتداء سے آج تک کشمیری عوام کی آزادی اور حق خودارادیت کی نہ صرف اخلاقی و سیاسی سطح پر حمایت کرتا چلا آرہا ہے بلکہ اس حوالے سے پاکستان نے اقوام متحدہ سمیت تمام بین الاقوامی فورموں پر آواز بھی بلند کی ہے۔ جس کے نتیجے میں دنیا کے اکثر ممالک مسئلہ کشمیر سے متعلق واضح پالیسی اختیار کرتے ہوئے کشمیر عوام کی غیر مشروط حمایت کرتے ہیں وزیراعلیٰ نے بھارتی حکومت کی مسئلہ کشمیر کے حوالے سے منفی پالیسیوں اور اسکی قابض افواج کی جانب سے وادی میں ظلم و ستم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاآخر ایک روز کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیاں رنگ لائیں گی اور بھارتی سامراج انہیں آزادی دینے پر مجبور ہوجائے گا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس حوالے سے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ وادی کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور بھارت سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیروں کو استصواب رائے کا حق دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ آن لائن کے مطابق حکومت بلوچستان نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے حریت پسندکشمیریوں کے قتل عام پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی افواج کے ہاتھوں معصوم کشمیریوں کا قتل عام قابل مذمت ہے ۔ صوبائی حکومت نے کہا ہے کہ بھارت نے لاکھوں کی تعداد میں اپنی افواج کو معصوم کشمیری عوام کے قتل عام کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے ۔ صوبائی حکومت کے ترجمان انوار الحق کاکڑ نے کوئٹہ میں ایک بیان میں کہا کہ بھارت بڑے پیمانے پر آزادی کے متوالوں کو قتل کر کے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے سنگین جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی افواج کے ہاتھوں حزب المجاہدین کے نوجوان کمانڈر برہان وانی کے قتل پر کشمیری حریت پسند عوام کے احتجاج کو دبانے کیلئے بھارتی افواج نہایت بے حیائی اور ڈھٹائی سے دھڑا دھڑ بے گناہ کشمیریوں کو گولیوں کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضے کے خلاف آزادی کی تحریک کشمیری عوام کابنیادی حق ہے جسے لاکھوں بھارتی افواج دبانے میں اب تک مکمل ناکامی رہی ہیں ۔ بھارتی افواج سالہا سال سے کشمیری مجاہدین کو شکست دینے میں ناکام رہی ہیں۔ اپنی اس شرمناک شکست کا بدلہ لینے کیلئے بھارتی افواج نے ہمیشہ کی طرح اب پھر معصوم اور نہتے کشمیری شہریوں کو قتل کرنے کا رویہ اختیار کیا ہوا ہے۔ بھارتی افواج خواتین ٗ کم عمر بچوں ٗ عمر رسیدہ افراد اور نوجوانوں کو قتل کر کے کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اور غیر اخلاقی قبضے کو جاری رکھنا چاہتی ہیں۔ترجمان نے کہا کہ کشمیری عوام کا حق ہے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں اور ان کا یہ حق اقوام متحدہ کی قراردادوں میں تسلیم کیا گیا ہے ۔ چنانچہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرادادوں کے تحت حق خود اختیاری دینا ہی مسئلے کا حل ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ کشمیری اپنے حق سے کبھی بھی دستبردار نہیں ہونگے اور ان کی جدوجہد جاری رہے گی۔