|

وقتِ اشاعت :   July 12 – 2016

کوئٹہ : چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ نے کہا ہے کہ کیسکو اور واپڈا حکام کو ضلع کچھی میں بجلی کے متاثرہ کھمبوں کی مرمت کا کام مکمل کرکے بجلی کی فراہمی میں پائے جانے والے تعطل کو دور کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر کچھی مرمت کے کام کی خود نگرانی کررہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے زمیندارایکشن کمیٹی کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے پیر کے روز سے یہاں ان سے ملاقات کی۔ وفد نے چیف سیکرٹری کو آگاہ کیا کہ بجلی کی عدم فراہمی اور تعطل کی وجہ سے فصلات اور باغات کیلئے پانی دستیاب نہیں اور اگر صورتحال برقرار رہی تو زمینداروں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔ چیف سیکرٹری نے وفد کو بتایا کہ صوبائی حکومت بجلی کے مسائل کے باعث زمینداروں کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور اس حوالے سے کیسکو حکام سے مسلسل رابطے میں ہے توقع ہے کہ بجلی کے متاثرہ کھمبوں کی بحالی کا کام جلد مکمل کرکے زمینداروں کو ان کی ضروریات کے مطابق بجلی کی فراہمی شروع کردی جائے گی وفد نے توجہ اور ہمدردی سے ان کے مسائل سننے اور ان کے حل کی یقین دہانی پر چیف سیکرٹری کا شکریہ ادا کیا۔