|

وقتِ اشاعت :   July 12 – 2016

 کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے رینجرز کی جانب سے رابطہ کمیٹی کے رکن اظہار احمد خان کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
رابطہ کمیٹی کے اعلامئے کے مطابق اظہار احمد خان فیڈرل بی ایریا میں رکن سندھ اسمبلی عبدالحسیب احمد کی عیادت کرنے ان کی رہائش گاہ گئے تھے جہاں سے انہیں رینجرز اہلکاروں نے حراست میں لیتے ہوئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا اور اس حوالے سے کوئی وجہ بھی نہیں بتائی گئی۔ رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ اظہار احمد خان بلڈ پریشر اور دل کے عارضے میں مبتلا ہیں جس کے باعث باقاعدگی سے ادویات کا استعمال کرتے ہیں اور رینجرز کی حراست میں ان کی جان کو خطرات لاحق ہیں۔
رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت ایم کیوایم کو ختم کرنے کے منصوبے پر عمل کیا جارہا ہے، ایم کیو ایم کے رہنماؤں اور کارکنوں کی غیرقانونی گرفتاریاں، گرفتاری کے بعد گمشدگیاں، حراست کے دوران ماورائے عدالت قتل کے واقعات اور ان کی سیاسی وفاداریاں تبدیل کرانا  بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
ایم کیوایم رابطہ کمیٹی نے صدر  ممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے مطالبہ کیا  کہ اظہار احمد خان کی غیرقانونی گرفتاری کا نوٹس لیتے ہوئے انہیں جلد ازجلد رہا کرایا جائے۔