نئی دہلی: ہندوستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد کمشیری مظاہرین کی جانب سے ہندوستانی سیکیورٹی فورسز سے 70 کے قریب ہتھیار چھینے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ جمعے یعنی 8 جولائی کو ہندوستانی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی ہلاک ہوگئے تھے، اس واقعے کے بعد کشمیر میں شروع ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دورانہندوستانی سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں اب تک 30 سے زائد نہتے کشمیری ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوچکے ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ مشتعل ہجوم نے 2 روز قبل کلگام کے علاقے دمھال ہانجی پورا میں ایک پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا اور 70 نیم خودکار اور خودکار ہتھیار چھین لیے۔
رپورٹ کے مطابق منگل کو بھی فورسز سے اسلحہ چھیننے کی 2 الگ الگ کوششیں کی گئیں۔
ترال میں ایک گروپ نے پولیس پوسٹ پر حملہ کرکے وہاں موجود 4 کانسٹیبلز سے اسلحہ چھیننے کی کوشش کی، اگرچہ پولیس اہلکاروں نے اپنی رائفلیں بچالیں تاہم مظاہرین میگزین لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔
بعدازاں شام کو کرل پورا میں بھی ایک پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا گیا، تاہم وہاں موجود اہلکار مظاہرین کو پیچھے دھکیلنے میں کامیاب ہوگئے۔
رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے پیر کو سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اہلکار پر اُس وقت حملہ کیا گیا، جب وہ ایک سویلین کے ساتھ ایک ہسپتال میں موجود تھا۔
سی آر پی ایف کے ایک عہدیدار کے مطابق مذکورہ اہلکار نے مظاہرین سے مقابلہ کیا اور ‘باوجود اس کے کہ اسے لاٹھیوں اور پتھروں سے مارا گیا، اس نے اپنی رائفل نہیں لے جانے دی’۔
اس سے قبل ہفتہ 9 جولائی کو بھی برہان وانی کی ہلاکت کے بعد مظاہرین نے ایک پولیس پوسٹ پر حملہ کیا اور ہتھیار اپنے ساتھ لے گئے۔
جموں و کشمیر کے ایک عہدیدار کے مطابق ضلع اننت ناگ، شوپیاں، کلگام اور پلواما اور جنوبی کشمیر، بارا مولا، سوپور، کپواڑہ اور باندی پورا ٹاون کے علاقوں کے نوجوان پولیس اور پیرا ملٹری فورسز پر حملوں میں ملوث ہیں۔
واضح رہے کہ ہندوستان کی جانب سے الزام عائد کیا جاتا رہا ہے کہ کشمیری حریت پسندوں کو اسلحہ پاکستان کی جانب سے فراہم کیا جاتا ہے، تاہم حالیہ واقعات کے بعد ہندوستانی میڈیا میں یہ رپورٹس شائع ہوئی ہیں کہ کشمیر میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز سے اسلحہ چھیننا گذشتہ ایک دہائی سے کافی عام ہے، تاہم کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد ان واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے۔
کشمیر: ‘مظاہرین نے پولیس سے 70 ہتھیار چھین لیے’
![]()
وقتِ اشاعت : July 13 – 2016