|

وقتِ اشاعت :   July 13 – 2016

اسلام آباد/لندن: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے ایک بار پھر اپنی تیسری شادی کے حوالے سے میڈیا رپورٹس کی تردید کی ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر جاری اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ پاکستانی میڈیا میں میری شادی کے حوالے سے جس خاتون کی تصاویر چلائی گئیں نہ میں اسے جانتا ہوں نہ کبھی ملا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی گمراہ کن خبریں دینا انتہائی غیر ذمہ دارانہ عمل ہے اور اخلاقی طور پر زوال پذیر ہونے کا عکاس ہے۔ عمران خان نے کہا کہ میڈیا کی جانب سے میری شادی کے حوالے سے جھوٹی خبریں چلانا انتہائی غیر اخلاقی حرکت ہے، اگر برطانیہ میں ایسا ہوتا تو کئی لوگ عہدوں سے فارغ ہوجاتے۔ قبل ازیں پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل جہانگیر خان ترین کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ پر میڈیا چینلز کے خلاف پیمرا کو شکایت کرے گی۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ بغیر تصدیق حقائق کے خلاف معلومات نشر کرنا انتہائی قابل مذمت اور زرد صحافت کی علامت ہے۔ اس حوالے سے مزید کہا گیا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی وضاحت کے باوجود گھنٹوں جاری رہنے والی نشریات میں عدم مداخلت پر پیمرا کے خلاف بھی قانونی چارہ جوئی پر غور کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز عمران خان کی تیسری شادی کی خبریں میڈیا میں گردش کرنے لگی تھیں تاہم پی ٹی آئی نے ان خبروں کی تردید کی تھی۔ حال ہی میں ایک ہندوستانی اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں عمران خان نے کہا تھا کہ 2 طلاقوں کے بعد اب وہ شادی پر مزید پختہ یقین رکھتے ہیں۔ اس انٹرویو کے بعد عمران خان کی تیسری شادی سے متعلق خبریں میڈیا میں گردش کرنے لگیں تھیں جن میں کہا گیا کہ عمران خان پاک پتن کے مانیکا خاندان کی کسی لڑکی سے تیسری شادی کرنے جار رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے ترجمان نعیم الحق نے بھی ان تمام خبروں کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔ نعیم الحق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ پاک پتن کی مانیکا فیملی کے ساتھ عمران خان کی روحانی وابستگی ہے اور وہ لندن اپنے بچوں کے ساتھ چھٹیاں گزارنے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل عمران خان دو مرتبہ شادی کے ہندھن میں بندھ چکے ہیں۔ عمران خان کی پہلی بیوی جمائما گولڈ اسمتھ تھیں جن سے ان کی شادی 1995 میں ہوئی اور جس کا اختتام 2004 میں طلاق پر ہوا۔ عمران خان اور جمائما کے دو بیٹے ہیں جن کی عمریں بالترتیب 17 اور 19 سال ہیں۔ اس کے بعد عمران خان کی 2015 میں ریحام خان سے شادی ہوئی اور اسی برس اکتوبر میں دونوں کی طلاق ہوگئی تھی۔