کوئٹہ : احتساب عدالت کوئٹہ کے جج جناب عبدالمجید ناصر نے بلوچستان میگاکرپشن کیس میں گرفتار ملزمان سہیل مجید ،طارق علی اور سلیم شاہ کے جسمانی ریمانڈ میں نیب کی درخواست پرمزید 14روزہ توسیع کے احکامات دے دئیے ۔گزشتہ روز میگا کرپشن کیس میں گرفتار ٹھیکیدار سہیل مجید اورملزم طارق علی کو پہلے احتساب عدالت کوئٹہ لایاگیا اس موقع پر نیب کے تفتیشی آفیسر ان وکلاء سمیت دیگر بھی موجود تھے ملزمان کو عدالت میں پیش کیاگیا تو نیب کے تفتیشی آفیسر نے عدالت کے سامنے درخواست گزاری کہ ملزمان سے میگا کرپشن کیس میں تفتیش کاسلسلہ جاری ہے ۔ٹھیکیدار سہیل مجید کی جانب سے جن اسکیمات پر کام کیاگیاہے ان کی جانچ پڑتال جاری ہے جبکہ مقدمے کے شریک ملزم طارق علی کے بھی متعدد اکاؤنٹس سامنے آئے ہیں اس لئے ملزمان کے ریمانڈ میں مزید 14روزہ توسیع کے احکامات دئیے جائیں جس پر عدالت نے دونوں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 14روزہ توسیع کے احکامات جاری کرتے ہوئے سماعت 26جولائی تک کیلئے ملتوی کردی بعدازاں بلوچستان میگا کرپشن کیس میں گرفتار ملزم سلیم شاہ کو بھی عدالت میں پیش کرکے نیب حکام کی جانب سے ریمانڈ میں توسیع کی درخواست کی گئی جس سے بھی عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزم سلیم شاہ کے جسمانی ریمانڈ میں مزید14روز توسیع کے احکامات جاری کئے اور سماعت کو 26جولائی تک کیلئے ملتوی کردیا۔یا درہے کہ میگا کرپشن کیس میں گرفتار مذکورہ ملزمان کو بلوچستان کے سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق احمدرئیسانی کے گھر پر چھاپے کے دوران کروڑوں روپے ملکی وغیرملکی کرنسی ،انعامی باؤنڈز اور سونے کی برآمدگی کے بعد تفتیش کیلئے حراست میں لیاگیا تھا ۔اب تک مقدمے میں نامزد تمام ملزمان تفتیش کیلئے نیب کے پاس جسمانی ریمانڈ پر ہے ۔