کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ ہسپتالوں میں ضروری سہولتوں کی فراہمی اور ان کی حالت زار بہتر بنائے بغیر عوام کو علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم نہیں کی جاسکتی ہیں۔ محکمہ صحت کی ترقی اور طبی اداروں کی بحالی اور فعالی حکومت کی ترجیحات کا حصہ ہیں رواں مالی سال کے بجٹ میں ضلعی ہسپتالوں کو بہتر بنانے کیلئے خطیر فنڈز مختص کئے گئے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان انسٹی ٹیوٹ آف نیفرالوجی اینڈ یورالوجی کوئٹہ کے چیف ایگزیکٹو عبدالکریم زرکون اور انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرز کے اراکین سے ہونے والی ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر عبدالرحیم زیارتوال ، رکن قومی اسمبلی عبدالقہار ودان اور رکن صوبائی اسمبلی عبدالمجید خان اچکزئی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انسٹیٹیوٹ کے وفد نے وزیراعلیٰ کو ادارے کو درپیش مالی مسائل سے آگاہ کیا وزیراعلیٰ نے بنوک( BINUQ) کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جو طبی ادارے عوام کو بہتر خدمات فراہم کررہے ہیں حکومت ان کی بھرپور حوصلہ افزائی اور سرپرستی کرے گی اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے بنوک( BINUQ) میں دستیاب سہولتوں میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری شعبہ میں یہ واحد ادارہ ہے جو گردوں کے امراض میں مبتلا غریب اور مزدور پیشہ افراد کو بہتر علاج و معالجہ کی سہولت فراہم کررہا ہے اور ان کی خواہش ہے کہ اسے سٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ بنایا جائے تاکہ بلوچستان کے عوام کو گردوں کے علاج اور ڈائیلاسز جیسی سہولتیں صوبے ہی میں دستیاب ہوسکیں۔وزیراعلیٰ نے بنوک( BINUQ) کی انتظامیہ کی جانب سے ادارے کو درپیش مالی و دیگر مسائل کے حل کے یقین دہانی کرائی۔