راولپنڈی: چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس سجاد علی شاہ کے بیٹے اویس شاہ کو بازیاب کرانے کے بعد ان کے گھر پہنچادیا گیا ہے۔
اغوا کاروں سے بازیاب کرائے گئے اویس شاہ کو خصوصی طیارے کے ذریعے ٹانک سے کراچی لایا گیا اور رینجرز کی سیکیورٹی میں ان کے گھر پہنچادیا گیا۔
اس سے قبل ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے بیٹے کو خفیہ اداروں کی اطلاعات پر ٹانک کے قریب اغوا کاروں کے قبضے سے بازیاب کرایا گیا۔ کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے۔
لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ کا کہنا تھا کہ اویس شاہ سیکیورٹی فورسز کی حفاظت میں ہیں اوراویس شاہ کو آج ان کےوالدین کےحوالے کیا جائے گا۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے اویس شاہ کے والد کو فون کر کے انھیں ان کے بیٹے کی بازیابی کی مبارکباد دی۔
وزیراعظم نواز شریف اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے اویس شاہ کی بازیابی پر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو مبارک باد دی ہے اور اویس شاہ کی بازبابی پر سکیورٹی فورسز کے کردار کو قابل تحسین قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ اویس شاہ ایڈووکیٹ گذشتہ ماہ کراچی کے علاقے کلفٹن میں واقع ایک سپر اسٹور کے باہر سے اغوا کیا گیا تھا۔