|

وقتِ اشاعت :   July 24 – 2016

اسلام آباد : وفاقی وزیر جنرل (ر)عبدالقادر بلوچ نے اعلان کیا ہے کہ 31دسمبر 2016کے بعدتمام افغان مہاجرین کو پاکستان میں غیر قانونی تارکین تصور کیا جائے گاوہ ایران کی نیوز ایجنسی سے باتیں کررہے تھے، انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت پاکستان کسی بھی صورت میں پاکستان کے اندر افغان مہاجرین کی قیام کے مدت میں توسیع نہیں کرے گی، جنرل قادر بلوچ نے اس خواہش کااظہار کیا کہ افغان مہاجرین رضا کارانہ طور پر اپنے وطن واپس چلے جائیں تو یہ سب سے اچھی بات ہوگی، جب ان سے پوچھاگیا کہ اگر افغان مہاجرین واپس اپنے وطن نہ جاناچاہیں تو حکومت پاکستان ان کیخلاف کیا کارروائی کرے گی، جنرل قادر بلوچ نے جواب دیا کہ ان کوپاکستان میں غیر قانونی تارکین وطن تصور کیا جائے گا اور قانونی کارروائی اپنے قوانین کے تحت ہوگی، ان کے خلاف مزید کارروائی کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا، حکومت پاکستان اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین اور حکومت افغانستان کو یہ بتادیا ہے کہ اس سے متعلق تیاریاں کریں کہ افغان مہاجرین کے مدت قیام میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی، سرکاری اعداد وشمار کے مطابق 15لاکھ افغان مہاجرین پاکستان میں موجود ہیں، لیکن غیر سرکاری ذرائع کے مطابق افغانوں کی تعداد پاکستان میں پچاس لاکھ سے زیادہ ہے، زیادہ تر وہ لوگ کے پی کے اور بلوچستان میں رہائش پذیر ہیں