|

وقتِ اشاعت :   July 25 – 2016

کوئٹہ : پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں قلعہ سیف اللہ کے علاقہ نسئی میں سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں کے ذریعے اہم قومی سماجی شخصیت عبدالباقی کو اغوا کرنے کے عوام دشمن اقدام کی پرزور مذمت کرتے ہوئے اغوا برائے تاوان کے اس ناروا اقدام کو ناکام بنانے والے سیکورٹی اداروں کے عوام دشمن کردار کو بے نقاب کرنے پر علاقے کے بہادر عوام کو داد تحسین پیش کیا گیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ قلعہ سیف اللہ کے ہزاروں عوام اس حقیقت کی عینی گواہ ہے کہ عبدالباقی کو اغواء کرنے والے ایف سی کے حاضر سروس اہلکار تھے لیکن سیکورٹی حکام نے اس سنگین جرم کا ارتکاب کرنے والے اہلکاروں کو گرفتار کرنے اور ان کوقرار واقعی سزا دینے کے بجائے ان کو قانون کی گرفت سے آزاد کرنے کی کوشش کی سیکورٹی اداروں کی اس ناروا اقدام نے پشتونخوامیپ کی اس حقانیت پر مہر تصدیق ثبت کیا ہے کہ صوبے میں رونماء ہونیوالے اغواء برائے تاوان کے تمام اقدامات میں سیکورٹی ادارے ملوث ہیں ۔ کوئٹہ ، پشین ، قلعہ عبداللہ ، لورالائی ، ژوب اور قلعہ سیف اللہ میں اغواء برائے تاوان کے جتنے بھی واقعات ہوئے ہیں وہ سیکورٹی اداروں کے ذریعے ممکن بنے ہیں اورتمام مغوی افراد اور بھاری تاوان ادا کرنے کے بعد بازیاب ہوئے ہیں اب تک اغواء برائے تاوان کا کوئی مجرم گرفتار نہیں ہوا ہے یہ حقیقت ہمارے عوام پر بخوبی واضح ہے کہ بدامنی کی صورتحال سیکورٹی اداروں کا پیدا کردہ ہے جس کا مقصد امن وامان کے نام پر صوبے کے تمام اختیارات سیکورٹی اداروں کو حوالہ کرنا ہے یہی وجہ ہے کہ منتخب جمہوری حکومت کے باوجود صوبے میں سیکورٹی اداروں کی متوازی حکومت قائم ہے تمام سیاسی پارٹیوں اور عوام کے قومی جرگوں نے بڑے بڑے اجتماعات میں حکمرانوں پر واضح کیا ہے کہ اغواء برائے تاوان کے اقدامات سیکورٹی اداروں کے سیاہ کرتوت ہے۔ پشتونخوامیپ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اغواء برائے تاوان اور بدامنی کے ہر واقعہ کی تفصیلات کا عوام کو بخوبی علم ہے ہمارے بہادر اور باشعور عوام نے اغواء ، بدامنی کے ہر واقعہ پر پر زور احتجاج کیا ہے ۔ پارٹی کے مرکزی سیکرٹری سردار مصطفی خان ترین کے فرزند اسد ترین اور دیگر مغویوں کی بازیابی کیلئے عوام کی احتجاجی تحریک اب بھی جاری ہے لیکن عوام کے احتجاج کے باوجود کوئی مغوی بھاری تاوان ادا کےئے بغیر بازیاب نہیں ہوسکا ہے ۔ قلعہ سیف اللہ کے علاقہ نسئی میں عبدالباقی کے اغواء میں سیکورٹی اداروں کی ملوث ہونے کے اس واضح ثبوت کے بعد لازم ہے کہ صوبائی اور وفاقی حکومت سیکورٹی اداروں کے عوام دشمن کارروائیوں کی فوری خاتمے کیلئے موثر اقدامات اٹھائیں ۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ عبدالباقی کی اغواء میں ملوث مجرموں کو گرفتار کرکے عبرتناک سزا دلائی جائے ۔ بیان میں تمام سیاسی پارٹیوں اور عوام کے قومی جرگوں سے پر زور اپیل کی گئی ہے کہ وہ امن وامان کی قیام کو یقینی بنانے اور عوام کی جان ومال کی تحفظ کیلئے باہم متحدہ ومنظم ہوکر موثر کردار ادا کریں۔