|

وقتِ اشاعت :   July 25 – 2016

کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کو آج سے صوبے کے 10اضلاع میں شروع ہونے والی تین روزہ پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے جبکہ انہوں نے ان اضلاع کی انتظامیہ کو پولیو ٹیموں کی سیکورٹی یقینی بنانے اور انہیں تمام سہولیات کی فراہمی کی ہدایت بھی کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے والدین سے اپیل کی ہے وہ مہم کے دوران اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ ہم اپنی آنے والی نسل کو ایک صحت مند اور محفوظ مستقبل دے سکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت امن وامان کے قیام ، صوبے کی ہمہ گیر ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ سماجی کمزوریوں کی خاتمے کی جانب بھی بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ پولیو جیسا موذی مرض ہمارے معاشرے کی ایک بڑی کمزوری ہے جسے دور کئے بغیر ایک صحت مند اور پڑھے لکھے بلوچستان کا تصور ممکن نہیں۔ ہمارے بچے ذہنی اور جسمانی طور پر صحت مند رہ کر ہی اس تصور کو حقیقت میں بدل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیوسمیت بچوں کے دیگر موذی امراض کا مکمل خاتمہ یقیناًحکومت کی ذمہ داری ہے لیکن اس کے لئے معاشرے کے ہرفرد کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے سماجی، قبائلی، سیاسی عمائدین اور علماء کرام پر زور دیا ہے کہ وہ عوام میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں حصہ لینے کا شعور اجاگر کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران اپنے علاقے کے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کے لئے رضاکار ٹیموں کی معاونت کرکے ہم اس کار خیر میں حصہ لے سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ جلد صوبے کو پولیو سے مکمل طور پر پاک کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پولیو کی صورتحال تسلی بخش ہے اور رواں سال صوبے میں پولیو کا صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ہے پولیو مہم کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے اور مؤثر نگرانی پر چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ، محکمہ صحت، یونیسف، عالمی ادارہ صحت اور تمام ضلعوں کی انتظامیہ مبارکباد کے مستحق ہیں جن کی مشترکہ اور مربوط کوششوں کے باعث آج ہم پولیو پر بڑی حد تک قابو پانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔