|

وقتِ اشاعت :   July 26 – 2016

تربت :  نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاہے کہ سیاسی کارکن نیشنل پارٹی کی بنیادہیں عوام کومنظم کئے بغیرترقی وسیاسی مفادات کا حصول ممکن نہیں ہے نیشنل پارٹی کے شہداء نے بلوچستان کے عوام کی سیاسی وقومی حقوق اورملک میں جمہوریت ‘قانون کی حکمرانی کیلئے قربانیاں دی ہیں ان خیالات کااظہار انہوں نے تربت میں نیشنل پارٹی کے مرکزی قائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اجلاس میں سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ ‘ پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات میرجان محمدبلیدی ‘ میونسپل کارپوریشن تربت کے مےئرقاضی غلام رسول بلوچ ‘ کیچ کے ضلعی صدرمحمدطاہربلوچ ‘ محمد جان دشتی ‘ منصوربلوچ ‘ واجہ ابوالحسن ‘ملابرکت بلوچ ‘ غلام قادربلیدی ‘مشکور انوربلوچ ‘ زبیراحمد ‘ عبدالحمید انجینئر ‘ انوربلوچ اور دیگرمرکزی رہنماؤں نے شرکت کی ‘ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میرجان محمدبلیدی نے کہاکہ بلوچ شہداء اورسیاسی اکابرین نے ملک میں جمہوریت کے استحکام‘ قانون کی بالادستی ‘ امن وانصاف کے حصول اور ڈکٹیٹرشپ کے خلاف طویل جدوجہد کی ہے ملک میں جمہوریت کا قیام ہمارے سیاسی قائدین کی تاریخی سیاسی وقومی جدوجہد کانتیجہ ہے انہوں نے کہاکہ جمہوریت کے استحکام سے ترقی وخوشحالی ممکن ہے بلوچستان کے عوام کوملک کی جمہوری وسیاسی تحریک سے جوڑکر قومی حقوق حاصل کئے جاسکتے ہیں ‘18ویں آئینی ترمیم انقلابی اقدام ہے‘18ویں آئینی ترمیم طویل سیاسی وقومی جدوجہد کانتیجہ اورثمرہے نیشنل پارٹی کی مرکزی قیادت نے اٹھارہویں آئینی ترمیم میں بنیادی کردار اداکیاہے جو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھاجائے گا ‘ نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما میونسپل کارپوریشن تربت کے مےئرقاضی غلام رسول بلوچ نے کہاکہ نیشنل پارٹی کوتحصیل اور یونٹ سطح تک فعال ومتحرک کرنے کی ضرورت ہے کارکن وقائدین پارٹی کومنظم کرنے میں اہم رول اداکرسکتے ہیں منظم سیاسی تنظیم شہداء کے مشن کوپایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے ضروری ہے ‘28جولائی کو شہدائے نیشنل پارٹی کے عظیم الشان جلسہ عام کوکامیاب بنانے کیلئے سیاسی کارکن اپنا تنظیمی وقومی کردار اداکریں ‘ 28جولائی شہدائے نیشنل پارٹی کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے ‘ اجلاس میں28جولائی کے جلسہ عام کے حوالے سے مختلف کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئیں جوانتظامیہ ‘سیکورٹی ‘ٹرانسپورٹ‘ پبلسٹی اور دیگرمعاملات کی نگرانی کریں گے ‘ دوردراز سے آنے والے مہمان ساتھیوں کاباقاعدہ استقبال اور رہنمائی کریں گے‘28جولائی کے جلسے کے حوالے سے پورے تربت سٹی کوبینروں ‘جھنڈیوں اور استقبالی بینروں سے سجانے کافیصلہ کیاگیا ‘ سیکورٹی اور دیگر انتظامی امورکی نگرانی کے حوالے سے بھی کمیٹی بنائی گئی ۔