تربت : نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے عظیم سماجی رہنما جناب عبدالستار ایدھی کی وفات پر گہرے دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے بیٹے اور معروف سماجی کارکن فیصل ایدھی کے نام ایک پیغام میں کہا ہے کہ میں اور میری پارٹی کے تمام رہنماء اور کارکن آپ اور آپ کے خاندان کے دُکھ میں برابر کے شریک ہیں اور خداتعالیٰ سے دُعا گو ہیں کہ خداوند کریم مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ ترین مقام عطا فرمائے اور آپ سمیت عبدالستارایدھی کے خاندان والوں اور ان کے پرستاروں کو یہ غم عظیم برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے، ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ عبدالستارایدھی ایک عظیم مسیحا اور فرشتہ نما انسان تھے انہوں نے بلا امتیاز رنگ و نسل اور مذہب کے جس طرح انسانیت کی خدمت کی ہے وہ دُنیا بھر کے انسانوں کے لیے مشعل راہ ہے ان کی خدمات کو رہتی دُنیا تک یاد رکھا جائے گا انہوں نے کہا نیشنل پارٹی ہمیشہ اس بات کے لیے کوشاں رہی ہے کہ شہریوں کی تعلیم و تربیت ، علاج و معالجہ اور محروم طبقات کی دادرسی اور انہیں معاشرے میںِ برابرکا مقام دِلانے کے لیے ریاست اپنی اتھارٹی اور اپنے وسائل کو بروئے کار لائے کیونکہ عوام کے ٹیکسوں پر پروان چڑھنے والی ریاست کا یہ پہلا فرض ہے کہ وہ نادار شہریوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرے جس کے لیے عبدالستار ایدھی نے ساری زندگی انتھک جدوجہد کی ہم انسانیت کے لیے کی جانے والی ان کی شاندار جدوجہد پر دِلی طور پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔