|

وقتِ اشاعت :   July 30 – 2016

کوئٹہ : پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ 68سالوں سے ملک میں جو ظلم اور زیا دتی ہورہی ہیں اس کے خاتمے کیلئے عمران خان نے جو ویژن دیا ہے اس پر قوم کو متحد کرنے کی ضرورت ہے 2018کے انتخابات میں اقتدار میں ہمیشہ قابض ہونے والوں کو عبرت ناک شکست دینگے ۔موجودہ حکومت کے خلاف ہماری پارٹی نے 7اگست سے جو تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے یہ تحریک موجودہ حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی ۔ موجودہ وزیر اعظم پانامہ لیکس سے کسی صورت میں نہیں بچ سکتے ان کے خاندان کے جس فرد نے جو کرپشن کی ہے وہ عوام کے سامنے آنی چاہئے ۔ پانامہ لیکس کے ذریعے ہی دنیا کو آگاہ کیا جائے گاکہ موجودہ حکومت کتنی ایماندار ہے یہ سب کو معلوم ہوجائے گا کہ اس تحریک ذریعے اس حکومت کا خاتمہ ہوجائے گا اور یہ حکومت 2018تک بر سر اقتدار نہیں رہے گی ۔انہوں نے کہاکہ ملک غفار خان کاکڑ اور ان کے ساتھیوں نے ایسے وقت میں شمولیت اختیار کی جب ہمیں لکھیں پڑھیں نوجوانوں کی ضرورت ہے ۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو مقامی ہوٹل میں سابق ناظم عبدالغفا ر خان کاکڑ کی ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کے مو قع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء سابق مےئر کوئٹہ ملک ذکر یا کاسی ، چلتن ٹاون کے سابق ناظم میر محمد اسماعیل لہڑی ،ڈاکٹر ثنا ء اللہ اچکزئی ،ضلعی صدر بسم اللہ کاکڑ ،ملک خدا بخش لہڑی ، چوہدری شبیر سمیت دیگر بھی موجو د تھے سردار یا ر محمد رند نے کہا کہ آج جن ساتھیوں نے ہمیں عزت دی اور پارٹی کے چےئرمین عمران خان کی قیادت پر اعتماد اور ان کے ویژن سے اتفاق کیا ہم ان کو یقین دہانی کراتے ہیں کہ اس سلسلے میں ہم آپ کو کسی بھی حوالے سے مایوس نہیں کرینگے انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی میں شامل ہونے والے رہنماؤں نے ایک نئے روایت قائم کی ہے اس سے قبل جو لوگ شامل ہوتے تھے وہ اقتدار کی پارٹی دیکھ کر تب فیصلے کرتے تھے لیکن ہمارے ساتھیوں نے اسی طرح نہیں کیا اور اقتدار والی پارٹی کی بجائے سچ بولنے اور عوام کو صحیح راستہ دیکھانے والے کے ساتھ دیا انہوں نے کہا کہ اس وقت وفاق پرست اور قوم پر ست جماعتیں اقتدار میں ہے جو اس سے قبل بلوچ اور پشتون کی نام پر سیا ست اور ان کے نام پر روتے تھے لیکن اقتدار میں آکر یہ سب کچھ بھول گئے ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں جو مشکلات اور مسائل درپیش ہے وہ 68سال نا انصافی اور ظلم کا نتیجہ ہے اگر ہماری عدالتو ں میں انصاف نہیں ہوتا اور تھانے بک چکے ہو تو عوام کہاں جائیں گے۔