سبی : نیشنل لاجسٹک سیل پاکستان کے کوارٹر ماسٹر جنرل میجرجنرل احمدجاوید بخاری نے کہا ہے کہ سبی رکھنی پروجیکٹ کی کامیابی صوبے کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا،بلوچستان پاکستان کے دل کی طرح اہمیت کا حامل ہے ،سبی کوہلو شاہراہ کا راستہ ماضی میں لوگوں کی نقل و حمل کے لیے نو گو ایریا بن چکا تھا تاہم سیکورٹی فورسز و قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں سے شورش زدہ علاقوں کو عوام کی نقل و حمل کے لیے آسان بنا دیا ہے،فساد پھیلانے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔ مستحکم پاکستان کا قیام خوشحال بلوچستان ہی کے ذریعے ممکن ہے،سبی رکھنی روڈ پروجیکٹ نہیں بلکہ مشن تھا جس کی تکمیل کے بعد یہاں کے لوگوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی آئے گی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبی رکھنی روڈ کے ترقیاتی کام کے معائنہ کے دوران این ایل سی و ایف سی کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر نیشنل لاجسٹک سیل کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل فیصل مشتاق،پروجیکٹ ڈائریکٹر بریگیڈئیر محمد احمد علوی، کمشنر سبی ڈویژن غلام علی بلوچ، پروجیکٹ منیجر کرنل ارسلان علیم ،ایف سی کے سیکٹر بریگیڈیئر امجد خان،ڈی آئی جی پولیس سبی رینج انتصارالحسین جعفری،ڈپٹی کمشنر سبی سیف اللہ کھیتران،میجر نعیم احمد،صوبیدار میجر محمد اشرف بھی موجود تھے،قبل ازیں کوارٹر ماسٹر جنرل میجر جنرل احمد جاوید بخاری کو پروجیکٹ منیجر کرنل ارسلان علیم و میجر نعیم نے سبی رکھنی روڈ کی تعمیر کے سلسلے میں تفصیلاً بریفنگ دی ،اس موقع پر میجرجنرل احمد جاوید بخاری نے کہا کہ مجھے بے حد خوشی محسوس ہورہی ہے کہ آج بلوچستان کے ایک ایسے پسماندہ اور ماضی کے نوگو ایریا میں سبی کوہلو رکھنی روڈ کا منصوبہ تکمیل کی جانب گامزن ہے جو کہ یقینانیشنل لاجسٹک سیل کے ماہر و تجربہ کار انجینئرز کی کاوشوں سمیت صوبے و ملک کی سیاسی قیادت کے علاوہ ایف سی ،لیویز فورس اور یہاں کی مقامی انتظامیہ کی کوششوں سے ممکن ہوا ہے اب یہ علاقہ امن کا گہوارہ بن چکا ہے ۔ ترقی کے ثمرات سے بلوچستان کے لوگ بھی دیگر صوبوں کے عوام کی طرح مستفید ہوں۔اور مستحکم پاکستان کے لیے ترقی یافتہ و خوشحال بلوچستان کا ہونا ناگزیر ہے جس کے لیے پاک افواج سیاسی قیادت کے ساتھ مل کر عوام کے معیار زندگی کو بلند بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی انہوں نے قوموں کی ترقی میں شاہراہیں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں سبی رکھنی روڈ کی تکمیل اگلے ماہ میں مکمل ہو جائے گی جس کے بعد یہاں کے عوام کی فارم ٹو مارکیٹ آمدورفت آسان ہو جائے گی جس سے سبی اور کوہلو کے عوام کے لیے ترقی کا ایک نیا باب کھل جائے گا اس موقع پر انہوں نے پروجیکٹ ایمپلائز کو تنخواہوں کی مد میں 30%الاؤنس دینے کا بھی اعلان کیا۔