کوئٹہ : بلوچستان سے فرقہ واریت کے خاتمے اور مذہبی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کیلئے 7مذہبی جماعتوں پرمشتمل اتحاد ملت اسلامیہ محاذ قائم کردیا گیا جس کے سربراہ مولانا محمد خان شیرانی ،صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا علی محمد ابوتراب اور اور سینئر نائب صدر مولانا عبدالحق ہاشمی ہونگے۔ یہ بات اتحاد ملت اسلامیہ محاذ کے سربراہ مولانا محمد خان شیرانی،مولانا علی محمد ابوتراب،مولانا عبدالحق ہاشمی ،علامہ ہاشم موسوی،عبدالقدوس ساسولی اور دیگر نے جامعہ سلفیہ میں اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پرسینیٹرحافظ حمد اللہ،مولانا انوارالحق حقانی،مولانا ہدایت اللہ ‘عبدالکبیر شاکر،مولانا شفیق دولت زئی،ڈاکٹر عطاء الرحمن اور دیگر بھی موجود تھے۔مولانا محمدخان شیرانی نے کہاکہ بین الاقوامی اورخاص کر پاکستان میں ایک سازش کے تحت خونریزی پیدا کرنے کیلئے فرقہ واریت کو ابھاراگیا اور ایک دوسرے کی عبادت گاہوں کی توہین کی جارہی تھی اس سلسلے میں مذہبی جماعتوں کے درمیان ہم آہنگی کی ضرورت تھی لیکن اس طرح نہیں ہوا انہوں نے کہاکہ اس سے قبل بھی بلوچستان کی تمام مذہبی جماعتوں نے ’’امام ‘‘کے نام سے ایک پلیٹ فارم تشکیل دیاتھا اور اس تنظیم کے ذریعے مرکزی سطح پر متحد ہ مجلس عمل بھی وجود میں آئی لیکن ہم اعتراف کرتے ہیں کہ امام کو جس طرح فعال بنانا تھا اسی میں ہم ناکام ہو گئے ۔ انہوں نے کہاکہ اب ایک بار پھر تمام مذہبی جماعتوں نے یہ محسوس کیا گیا کہ بلوچستان میں فرقہ واریت کے خاتمے اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کیلئے ایک پلیٹ فارم کی ضرورت ہے اور آج 7مذہبی جماعتوں پر مشتمل ایک نئے دینی پلیٹ فارم کے نام سے اتحاد ملت اسلامیہ محاذ تشکیل دیاگیا اور اس تنظیم کا اگلا اجلاس25اگست کو جامعہ سلفیہ میں ہوگا جس میں علماء کرام دلیل اور ثبوت کے ساتھ امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے متعلق تجاویز پیش کریگے ۔انہوں نے کہاکہ تنظیم میں شامل تمام جماعتوں کی یہ کوشش ہے کہ بلوچستان سے نفرتوں کا خاتمہ اور آپس میں ہم آہنگی برقرار رہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ اس اتحاد کو ایک بار پھر صوبائی سطح پر پذیرائی کے بعد وفاقی سطح پر بھی فعال بنانے میں اپنے مرکزی قائدین کو اعتماد میں لیں گے۔انہوں نے کہاکہ جب ہم نے پہلے امام کے نام سے جو پلیٹ تشکیل دیا تھا تو اس وقت مرحوم قاضی حسین احمد‘مرحوم شاہ احمدنورانی‘مولانا فضل الرحمن‘سینیٹر ساجد میر کی مکمل حمایت حاصل تھی اور انہوں نے ہماری تنظیم کو سراہا۔ انہوں نے کہاکہ25اگست کے اجلاس کے میں دیگر مذہبی اور سیاسی جماعتوں کو بھی اتحاد میں سامل کرنے کیلئے لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت مغربی لیول پر انسانیت کا جو چرچہ کیا جارہا ہے ہم اس پر بھی غور کرینگے کہ انسانیت کی روح میں اسلام کو کس نظر سے دیکھتے ہیں اور اس وقت جو خونریزی جاری ہے اس پر قابو پانے کیلئے انسانی لیول پر کیا ہوسکتا ہے لیکن ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ انسانیت کی سب سے بڑی خدمت ہمارے انبیاء کرام نے کی ہے اور علماء کرام اس کے وارث ہیں انسانی خدمت پر پہلے بھی ہمارے نظر تھی اور آج بھی ہے ۔