کوئٹہ : احتساب عدالت کوئٹہ ٹو کے جج جناب عبدالمجید ناصر نے کروڑوں روپے گندم خرد برد کیس میں نامزد محکمہ خوراک کے 02 سا بق ڈپٹی دائریکٹرز سمیت 4ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ۔استغاثہ کے مطابق کیس میں نامزد ملزمان سابق صوبائی وزیر خوراک اسفندیار خان کاکڑ،سابق ڈپٹی ڈائریکٹرشیر زمان ترین ،ظاہر جان جمالدینی ،سید امین الدین اور سید منیر الدین نے ملی بھگت سے 40کروڑ69لاکھ روپے مالیت کی گندم کی بوریاں غائب کی اور قومی خزانے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا یا اس سلسلے میں گزشتہ روز ملزمان کیخلاف ریفرنس دائر کیاگیاتھاجس سے منگل کے روز عدالت کے جج نے سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے دوسابقہ ڈپٹی ڈائریکٹرز شیر زمان ترین ،ظاہر جان جمالدینی اور گندم کے ٹھیکیداران سید امین الدین ،سید منیر الدین کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دئیے جبکہ کیس کی اگلی سماعت 10اگست کو ہوگی ۔واضح رہے کہ مذکورہ ریفرنس کے نامزد ملزم اسفند یار خان کاکڑ پہلے ہی عدالت عالیہ سے ضمانت حاصل کرچکے ہیں۔