کراچی:پاکستان کی منہل سہیل ریواولمپک کے 10 میٹر رائفل شوٹنگ کے مرکزی مرحلے تک رسائی میں ناکام ہو کر مقابلوں کے پہلے روز ہی اولمپک سے باہر ہوگئیں۔
رائفل شوٹنگ کے فیصلہ کن مرحلے میں داخلے کے لیے 51 شوٹرز میں مقابلہ تھا جہاں منہل کا نمبر 28 واں رہا جبکہ سرفہرست 8 شوٹر نے کوالیفائی کرلیا۔
منہل سہیل نے مجموعی طورپر ہندوستانی حریفوں کے مقابلے میں بہترین کارکردگی دکھائی جنھوں نے 34 واں اور 47 واں نمبر حاصل کیا۔
ادھر سوئمر حارث بانڈے بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکے اور مینز 400 میٹر فری اسٹائل سوئمنگ ایونٹ میں 49 تیراکوں میں آخری نمبر پر رہے، انہوں نے مقررہ فاصلہ 4 منٹ اور 33 سیکنڈز میں طے کیا۔
واضح 21 سالہ منہل سہیل پہلی پاکستانی خاتون ہیں جنھوں نے اولمپکس کے 10 میٹر رائفل شوٹنگ کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
انھوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 2012 میں کیا جس کے بعد انھوں نے مختلف بین الاقوامی مقابلوں میں حصہ لیا اور کئی مقابلے اپنے نام کئے۔
منہل سہیل نے پی این ایس کارساز میں منعقدہ 10 میٹرآئررائفل قومی شوٹنگ چمپیئن شپ میں کامیابی کے بعد اولمپک میں براعظم کے کوٹے پر جگہ بنائی تھی۔
اولمپک کے لیے پاکستان کے مختصر دستے میں دو شوٹر شامل ہیں جنھیں فوج کے ٹرینر نے تربیت دی ہے۔
منہل نے شوٹنگ اپنے آبائی شہر کراچی میں نیوی سمر کیمپ سے شروع کی تھی اور متعدد مرتبہ ایشین چمپیئن شپ میں حصہ لے چکی ہیں۔
اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کے بعد منہل نے کہا تھا کہ ‘اولمپک میں حصہ لینے کا نادر موقع ایک دفعہ ملتا ہے’۔