کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ کے بعد دہشت گرد سمجھ رہے تھے کہ ہم چپ کر کے بیٹھ جائیں گے اور جشن آزادی نہیں منائیں گے لیکن وہ دیکھ لیں کہ ہم الحمداللہ اپنے پیروں پر کھڑے ہیں اور جشن آزادی کی تقریبات بھی قومی جوش و جذبے کے ساتھ جاری ہیں۔ نا پہلے کبھی دہشت گردوں سے مرعوب ہوئے ہیں اور نہ آئندہ ہوں گے ، دہشت گرد جہاں بھی چھپے ہیں ان تک پہنچ کر انہیں باہر کھینچ کر لائیں گے، سی پیک دشمن کی نظروں میں کھٹک رہا ہے اورآئندہ بھی اسے ناکام بنانے کی کوشش کرے گا لیکن گھبرانے کی ضرورت نہیں سی پیک ضرور بنے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جشن آزادی کے موقع پر منعقدہ پہلی آل پاکستان محمد علی جناح شوٹنگ چیمپئن شپ 2016 کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض، اسپیکر صوبائی اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید درانی، صوبائی وزراء و اراکین اسمبلی ، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ اور دیگر سول و عسکری حکام کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد تقریب میں موجود تھی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمیں 8اگست کو دشمن کا ایک اور وار سہنا پڑا جس میں ہمارے پڑھے لکھے طبقے کو دھوکا دے کر نشانہ بنایا گیا۔ لیکن ہمیں فخر ہے شہداء کے لواحقین ،زخمیوں اور اپنی عوام پر جنہوں نے اس المناک سانحہ کے باوجود صبر و ہمت کا مظاہرہ کیااور ایک شیشہ یا گملہ تک نہیں توڑا بلکہ ان کا یہ مطالبہ ہے کہ ان کی یہ قربانی رائیگاں نہیں جانے دی جائے اور دہشت گردی کو جڑ سے ختم کیا جائے۔ ہمارے لوگ مہذب، محب وطن اور صوبے و ملک سے پیار کرنے والے ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپریل 2013میں ان پر بھی قاتلانہ حملہ کیا گیا جس میں ان کے پیارے شہید ہوئے اور انہیں پیغام دیا گیا کہ سبز ہلالی پرچم اٹھانے سے باز آجائیں ورنہ انہیں مزید نقصان پہنچایا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کا دہشت گردوں کے لیے پیغام ہے کہ وہ کتنے سکندر اور کتنے وکلاء ماریں گے ، ہر گھر سے سکندر اور وکلاء نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے بیش بہا قربانیاں دے کر بلوچستان کو پاکستان کے لیے بچا کر رکھا اب ہم گوادر کو بھی پاکستان کے لیے بچا کر رکھیں گے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ دشمن دہشت گردی کے ذریعے جشن آزادی کی تقریبات کو سبوتاژ کرنا چاہتے تھے اگر ہم اور عوام خاموش رہتے تو وہ اپنے ان عزائم میں کامیاب ہو جاتے ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے سیاسی و عسکری قیادت میں مکمل ہم آہنگی موجود ہے اور ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ کو اس کے انجام تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ وزیراعلیٰ نہیں رہوں گا اور نہ ہی عامر ریاض کمانڈر سدرن کمانڈ رہیں گے لیکن میرا آنے والوں کے لیے بھی یہی پیغام ہوگا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک جنگ جاری رکھی جائے، ہم غریب ضرور ہیں لیکن بزدل نہیں جس کا مظاہرہ ہم نے سانحہ کوئٹہ پر کر کے دکھایا ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہداء کی بیواؤں اور یتیم بچوں کی کفالت کی جائے گی اور انہیں معاشرے کا باعزت اور پڑھا لکھا شہری بنایا جائیگا، ہم اس قوم اور شہداء کے لواحقین کے وارث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سونا، چاندی، تیل اور گیس جیسی قیمتی معدنیات سے مالامال ہے، اگر انہیں ایماندارانہ طریقے سے عوام کی فلاح وبہبود کے لیے بروئے لایا جائے تو صوبے کا کوئی بھی فرد غریب نہیں رہے گا اور بلوچستان ملک کا سب سے خوشحال صوبہ بن جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں بانی پاکستان کے نام سے منسوب پہلی بلوچستان اوپن محمد علی جناح شوٹنگ چیمپئن شپ کا انعقاد اور اس میں بلوچستان کے عوام کے ساتھ ساتھ پورے پاکستان سے لوگوں کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ بلوچستان پاکستان کا دل ہے اور اس دل میں پاکستان سے محبت کوٹ کوٹ کر بھری ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ یہاں موجود لوگوں بالخصوص نوجوانوں کے چہروں پر روشن امید بلاشبہ ہم سب کے لیے باعث اطمینان ہے اور ان مقابلوں میں خواتین کی شرکت ہمارے روشن خیال، صحت مند اور ترقی کی راہ پر گامزن معاشرے کی آئینہ دار ہے،انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے طول و عرض میں جشن آزادی کی تقریبات کا آغاز گذشتہ ایک ہفتے سے ہو چکا ہے جن میں بلوچستان کے عوام پاکستان سے اپنی محبت کا بھرپور اظہار کررہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئیں ہم سب ملکر یہ عہد کریں کہ اندورنی و بیرونی دشمنوں کے ناپاک عزائم کو باہمی تعاون اور یکجہتی سے ناکام بنائیں گے اور دہشت گردی کے ناسور کو عوام کے تعاون سے جڑسے اکھاڑ پھینکیں گے، انہوں نے کہا کہ آج پاک چین اقتصادی راہداری کی تعمیر اور تعلیم و ترقی کے فروغ سے مستحکم اور خوشحال پاکستان روشن حقیقت کے طور پر ابھررہا ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ جشن آزادی کی تقریبات جوش و جذبہ اور سادگی کے ساتھ منائی جائیں گی تقریبات کے دوران میوزک کا کوئی بھی پروگرام منعقد نہیں کیا جائیگا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر چیمپئین شپ کے کامیاب انعقاد پر سدرن کمانڈ اور انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان، کمانڈر سدرن کمانڈ، اسپیکر صوبائی اسمبلی، بیگم کمانڈر سدرن کمانڈ اور آئی جی ٹریننگ نے چمپیئین شپ میں پوزیشن حاصل کرنے والے نشانہ بازوں میں نقد انعامات اور میڈل تقسیم کئے۔