مانچسٹر:فٹ بال کی تاریخ کےمہنگے ترین کھلاڑی فرانس کے پال پوگبا پابندی کے باعث مانچسٹریونائیٹڈ کے لیے انگلش پریمیئر لیگ کے نئے سیزن کے پہلے میچ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
انگلینڈ کی فٹ بال ایسوسی ایشن (ایف اے) کا کہنا ہے کہ پوگبا کو جووینٹس کی جانب سے کوپا اٹلیا کے دوران ایک میچ پر پابندی عائد کی گئی تھی جو اب انگلینڈ میں منتقل ہوگی۔
پال پوگبا نے رواں ہفتے انگلینڈ کے مشہور فٹ بال کلب مانچسٹریونائیٹڈ کے ساتھ تاریخ کا مہنگا ترین 11 کروڑ60 لاکھ ڈالر کا معاہدہ کیا تھا تاہم اتوار کو بورنماؤتھ کے خلاف سیزن کے پہلے میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔
مانچسٹریونائیٹڈ کے کوچ جوز مورینہو نے اس پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انھیں معاہدے کے دوسرے روز اس پابندی کا علم ہواتھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘میں یلو کارڑز کے حوالے سے جانتا تھا لیکن مجھے اس وقت یہ معلوم نہیں تھا کہ اگر ایک کھلاڑی کو اٹلی میں پابندی ہوئی ہے تو وہ انگلینڈ میں بھی قابل عمل ہو گی’۔
انھوں نے کہا کہ ‘مجھے یہ نہیں معلوم تھا اسی لیے میں فیصلے کا انتظار کررہا تھا’۔
پوگبا مانچسٹریونائیٹڈ میں اپنے دوسرے دور کا آغاز 19 اگست کو ساؤتھمپٹن کے خلاف میچ سے کریں گے۔
پوگبا نوجوان کھلاڑی کی حیثیت سے مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے کھیل چکے ہیں، انھیں اسپین کے چمپیئن کلب ریال میڈرڈ نے بھی انھیں پانے کی کوششیں کی تھیں لیکن ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔