|

وقتِ اشاعت :   August 14 – 2016

کوپن ہیگن: سویڈن میں مسلمان خاتون وزیر عایدہ حاجی علی شراب نوشی کر کے گاڑی چلانے کے جرم میں پکڑے جانے کے بعد مستعفی ہوگئی ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق سویڈن کی پہلی مسلمان اور کم عمر ترین خاتون وزیر عایدہ حاجی علی کے پاس تعلیم کا قلمدان تھا۔ انہیں پولیس نے سویڈن کو ڈنمارک سے ملانے والے پل پر مقررہ حد سے زیادہ شراب نوشی کر کے گاڑی چلانے پر پکڑا۔ مقامی قانون کے تحت عائدہ کو اس جرم میں 6 ماہ تک قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ دوسری جاب عایدہ نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے وزارت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں دو گلاس شراب پی تھی اور اس کے 4 گھنٹے بعد یہ سوچ کر ڈرائیونگ کا فیصلہ کیا تھا کہ شراب کے اثرات زائل ہوگئے ہوں گے۔ شراب نوشی کے بعد گاڑی چلانا ان کی زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی، وہ وزارت سے مستعفی ہوگئی ہیں اور ایسا انہوں نے اس لیے کیا ہے کہ انہیں اپنی حرکت کی سنگینی کا اندازہ ہے۔