|

وقتِ اشاعت :   August 17 – 2016

کوئٹہ :  صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن کا قیام اولین ترجیحات ہیں ’’را‘‘ اور اس کے حمایتی بلوچستان کو خون آلودہ کرنے کی جن سازشوں پر عمل پیرا ہیں اسے ملی یکجہتی سے ناکام بنا دیا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملاقات کے لئے آنے والے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ 8 اگست کا دن ملک کی تاریخ میں ایک سیاہ دن کے طورپر یاد رکھا جائے گا دہشت گردوں امن کے دشمنوں نے ہماری روح کو زخمی کیا مگر وہ ہمارے عزم کو کسی صورت متاثر نہیں کرسکے بلوچستان کے غیور اور بہادر عوام پاکستان اور بلخصوص بلوچستان کی ترقی امن وامان کے قیام دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے حکومت اور سیکورٹی اداروں کے ہمراہ ہیں یہی وجہ ہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے 8 اگست کو ہونے والے افسوسناک واقعہ کے باوجود بھی عوام نے صبروتحمل کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا مجھے فخر ہے کہ میں جتنے بھی شہداء کے لواحقین سے ملا انہوں نے اپنے پیاروں کی قربانی دینے کے باوجود بھی دہشت گردی کی جڑ سے خاتمے کیلئے حکومت اور سیکورٹی اداروں کا ساتھ دینے کے عزم کا اعادہ کیا جو اس بات غماز ہے کہ امن کے دشمن اپنے مذموم عزائم میں پہلے بھی ناکام تھے اور آج بھی ناکام ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی بلوچستان کے عوام کا خون اتنا سستا نہیں کہ اسے بھلا دیا جائے ہم اپنے شہداء کی قربانیوں کو سامنے رکھتے ہوئے بلوچستان میں امن کے قیام دہشت گردی ‘ شدت پسندی کے خاتمے کیلئے مزید منظم اور فعال جہد کا آغاز کرچکے ہیں۔