کوئٹہ: کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے گزشتہ روز کوئٹہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کوئٹہ کینٹ کا دورہ کیا ۔پرنسپل کمز نے کمانڈر سدرن کمانڈ کو کالج آمد پر خوش آمدید کہا اور کالج کی فیکلٹی سے تعارف کرایا۔کمانڈنٹ کمز بریگیڈئیر محمد علیم نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کالج صوبے میں معیاری طبی تعلیم کیلئے کوشاں ہے اور اس وقت کالج میں 500کے قریب طلباء وطالبات زیر تعلیم ہیں جنہیں جدید خطوط پر طبی تعلیم دی جارہی ہے۔اس موقع پر کمانڈر سدرن کمانڈ نے کہا کہ پاک فوج صوبے میں تعلیمی معیار کی بہتری کیلئے ہرممکن اقدامات کررہی ہے طبی شعبے کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔ طلباء وطالبات ہمارے ملک کا مستقبل ہیں انہی نے آگے جاکر ملک وصوبے کا نام روشن کرنا ہے صوبہ بلوچستان میں تعلیمی پسماندگی کے خاتمے کیلئے ہرممکن تعاون کیاجارہا ہے کالج میں اعلیٰ نظم وضبط اور بہترین طبی تعلیم کی فراہمی کی ہرممکن کوشش کی جارہی ہے قلیل مدت میں کالج نے ملک بھر میں اعلیٰ مقام حاصل کرلیا ہے۔انہوں نے کالج میں ڈینٹل کالج کے جلدازجلدقیام کیلئے احکامات جاری کئے۔علاوہ ازیں انہوں نے ڈیجیٹیل لیب،فورنسیک ودیگر ڈیپارٹمنٹ کامعائنہ کیا طلباء وطالبات سے ملاقات کے دوران انہوں نے بلوچستان کے دور دراز علاقوں کے طلباء وطالبات سے گفتگو کی اورانکی تعلیمی کاوشوں کو سراہا ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد ان کواپنے علاقوں میں اپنی خدمات انجام دینی چاہیے تاکہ صحت کی سہولیات پسماندہ علاقوں کو بھی میسر ہوسکیں۔اس موقع پر پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ارباب عبدالودود،بریگیڈیئر آئی ایس بریگیڈیئر محمد رمضان،کمانڈنٹ سی ایم ایچ بریگیڈئیر سلمان احمد،کمانڈنٹ21ایم ڈی سی بریگیڈئیر ندیم احمدرانا ،فیکلٹی ممبران ودیگر بھی موجود تھے۔