|

وقتِ اشاعت :   August 18 – 2016

برازیل نے اسٹار کھلاڑی نیمار کے تیز ترین گول کی بدولت ریو اولمپکس 2016 کے مینز فٹبال کے سیمی فائنل میں ہنڈورس کو یکطرفہ مقابلے کے بعد چھ صفر سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی ہے جہاں اس کا مقابلہ عالمی چیمپیئن جرمنی سے ہو گا۔

ریو میں جاری اولمپکس مقابلوں میں مردوں کے فٹبال ایونٹ کے سیمی فائنل کا آغاز ہی انتہائی سنسنی خیز تھا جب اسٹار کھلاڑی نیمار نے 14ویں سیکنڈ میں گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کی فتح کی بنیاد رکھی۔

نیمار کے گول نے مقابلے کے آغاز میں ہی بتا دیا تھا کہ اس میچ کا نتیجہ کیا نکلے گا۔

برازیل نے میچ کی ابتدا میں جو دباؤ بڑھایا تھا اسے برقرار رکھا اور میچ کے 25ویں منٹ میں گیبریئل جیسز کے گول کی بدولت اپنی برتری دگنی کردی۔

دس منٹ بعد گیبریئل نے ایک اور گول اسکور کر کے میچ میں اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول اسکور کیا۔


امریکا اور ارجنٹینا کے درمیان باسکٹ بال کوارٹر فائنل میچ کا منظر۔ فوٹو رائٹرزامریکا اور ارجنٹینا کے درمیان باسکٹ بال کوارٹر فائنل میچ کا منظر۔ فوٹو رائٹرز


جب پہلے ہاف کا کھیل ختم ہوا تو برازیل کو 3-0 کی برتری حاصل تھی۔

دوسرے ہاف میں بھی صورتحال کچھ مختلف نہ تھی اور برازیل نے مزید تین گول داغ کر 6-0 سے فتح حاصل کر کے ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔

فائنل میں برازیل کا مقابلہ عالمی چیمپیئن جرمنی سے ہو گا جس نے سیمی فائنل میں نائجیریا کو 2-0 سے زیر کیا تھا۔

باسکٹ بال کے مقابلے میں امریکا نے ارجنٹینا کو 105-78 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی جہاں ان کا مقابلہ اسپین سے ہو گا۔ جاپانی ریسلر کاؤری آئچو نے مسلسل چوتھا طلائی تمغہ جیتنے والی اولمپک کی تاریخ کی پہلی خاتون ایتھلیٹ بننے کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔ وہ اس سے قبل 2004، 2008 اور 2012 اولمپکس مقابلوں میں بھی سونے کا تمغہ جیت چکی ہیں۔


ہندوستانی ریسلر ساکشی ملک نے اپنے ملک کیلئے اولمپکس 2016 میں پہلا تمغہ جیت لیا۔ فوٹو اے ایف پیہندوستانی ریسلر ساکشی ملک نے اپنے ملک کیلئے اولمپکس 2016 میں پہلا تمغہ جیت لیا۔ فوٹو اے ایف پی


 اسی مقابلے میں انڈیا کی ساکشی ملک نے کانسی کا تمغہ جیت کر اپنے ملک کو ریو میں پہلا میڈل دلا دیا۔

اس کے ساتھ ساتھ 69 کلو گرام فری اسٹائل کی کیٹیگری میں سارہ دوشو نے سونے کا تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

جمیکا سے تعلق رکھنے والے دنیا کے تیز ترین انسان یوسین بولٹ 200 میٹر دوڑ کے فائنل میں پہنچ گئے ہیں جہاں ان کی نظریں عالمی ریکارڈ قائم کرنے پر مرکوز ہیں۔


200 میٹر ریس کے سیمی فائنل کے اختتام پر یوسین بولٹ اور کینیڈین ایتھلیٹ آندرے دی گراس کا ایک انداز۔ فوٹو اے ایف پی200 میٹر ریس کے سیمی فائنل کے اختتام پر یوسین بولٹ اور کینیڈین ایتھلیٹ آندرے دی گراس کا ایک انداز۔ فوٹو اے ایف پی


 تاہم خواتین کے 200 میٹر دوڑ کے مقابلوں میں جمیکا ہی کی ایلن ٹامس نے عالمی چیمپیئن ڈیفین اسکائپر کو شکست سے دوچار کر کے گولڈ میڈل جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

فرانس کی ٹیم نے جمپنگ کے مقابلوں میں سونے کا تمغہ جیت کر 1976 کے بعد پہلی مرتبہ اس مقابلے میں سونے کا تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

کینیا سے تعلق رکھنے والے کنسیسلس کپروٹو تین ہزار میٹر اسٹیپل چیز ریس میں فتح کے ساتھ سونے کا تمغہ جیت لیا۔


کینیا کے کپروٹو نے تین ہزار میٹر دوڑ میں سونے کا تمغہ جیتا۔ فوٹو اے ایف پیکینیا کے کپروٹو نے تین ہزار میٹر دوڑ میں سونے کا تمغہ جیتا۔ فوٹو اے ایف پی


 میڈل ٹیبل پر امریکا 93 میڈل کے ساتھ سرفہرست ہے لیکن دوسری پوزیشن کیلئے چین اور برانیہ کے درمیان سخت مقابلہ ہے جہاں دونوں ملکوں نے 15، 15 سونے کے تمغے جیتے ہیں اور وہ مجموعی طور پر انہوں نے بالترتیب 51 اور 50 میڈلز جیت رکھے ہیں۔