|

وقتِ اشاعت :   August 19 – 2016

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع پشین میں باراتیوں کی گاڑی خطرناک حادثے کا شکار ہوگئی۔ دولہا سمیت ایک ہی خاندان کے چھ افراد جاں بحق ہوگئے۔ لیویز کے مطابق حادثہ پشین کے علاقے بوستان میں کوئٹہ زیارت روڈ پر کلی ملک غلام محمد کے قریب پیش آیا جہاں کوئٹہ سے لاہور جانے والی تیز رفتار مسافر بس نے ٹوڈی کار کو کچل دیا۔ حادثے میں کار میں سوار چھ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ لاشیں سول اسپتال کوئٹہ منتقل کی گئیں۔ لیویز کے مطابق کار میں سوار افراد بارات لینے کیلئے قلعہ سیف اللہ کے علاقے کان مہترزئی سے کوئٹہ جارہے تھے۔ جاں بحق ہونے والوں میں دولہا نیاز محمد ولد راز محمد بھی شامل ہیں۔ جاں بحق افراد میں باقی پانچ افراد کی شناخت امان اللہ ولد مہندک، حیات اللہ ولد نصر الدین، منظور احمد ولد رحیم خان ، محمد لعل ولد جان محمد اور احمد جان ولد نوروز خان اقوام کاکڑکے ناموں سے ہوئی ہے۔ جاں بحق تمام افراد آپس میں قریبی رشتہ دار بتائے جاتے ہیں۔ لاشیں ضروری کارروائی کے بعد آبائی علاقے کان مہترزئی زئی پہنچائی گئیں تو پورے گاؤں میں کہرام مچ گیا۔