|

وقتِ اشاعت :   August 19 – 2016

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ بھارت کو کشمیر میں لشکر کشی اور عوام پر مظالم کا جواب دینا ہوگا،مودی کے بیان کو گلگت اور بلوچستان کے عوام نے اپنے عمل سے رد کردیا،بھارتی مؤقف کو سری نگر کے عوام نے اوندھے منہ زمین پر گرا دیا،کشمیر پاکستان اور پاکستان کشمیر کا اٹوٹ انگ ہے کوئی اور اس کا دعویٰ نہیں کرسکتا،اقتصادی راہداری کو نقصان پہنچانے والے آج اتحاد کو توڑنے کیلئے میدان میں نکل رہے ہیں،عوام اپنی آنکھیں کھلی رکھیں۔اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں لشکر کشی کر رکھی ہے،بھارت کشمیر میں نہتے عوام پر طاقت کا غلط استعمال کر رہا ہے،پاکستان نے عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا اور کشمیری عوام کا پاکستان سے اٹوٹ رشتہ ہے،پاکستان کشمیر اور کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے،کوئی دوسرا اس پر اپنا حق نہیں جتا سکتا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کاز کی حمایت کیلئے پاکستان کبھی متزلزل نہیں ہوا،وزیراعظم محمد نوازشریف نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر کو اٹھایا گزشتہ حکومتوں میں کسی نے بھی مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ میں نہیں اٹھایا تھا۔انہوں نے کہا کہ واجپائی نے تسلیم کیا کہ کشمیر انسانیت کا مسئلہ ہے اور اسے حل ہونا چاہئے،مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی آئینی جدوجہد کو پس پشت نہیں ڈالا جاسکتا،کشمیر کی جدوجہد آزادی کی حمایت تمام سیاسی جماعتوں کا فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت کے عوام نے خود اپنی آزادی حاصل کی اور پھر پاکستان کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا ہے،جسے دنیا نے تسلیم کیا،بھارتی مؤقف کو دنیا نے تسلیم نہیں کیا،دیامیر بھاشا ڈیم پر بھارتی مؤقف کو دنیا نے مسترد کردیا ،آج بھارت کس منہ سے گلگت کی بات کررہار ہے،گلگت کے عوام نے اپنے خون سے آزادی کی تحریک کو لکھا جو بھارت کے مبالغہ آمیز بیان سے مدھم نہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی بات کرنے والے بتائیں آزاد کشمیر میں68 فیصد لوگ ووٹ ڈال کر اپنی حکومت کو تسلیم کرتے ہیں اور سری نگر میں اس سے زیادہ لوگ بھارت کو مسترد کرتے ہیں جسے دنیا دیکھ رہی ہے،آپ کا مؤقف اوندھے منہ زمین پر پڑا ہے بھارت ہمیں بلیک میل نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں آج ان کی اپنی حکومت ہے آج وہاں بلوچ گورنر اور بلوچ وزیراعلیٰ ہے،بلوچستان کے ساحل پر بندرگاہ دنیا کی عظیم بندرگاہ بن رہی ہے،بلوچستان اور گلگت کے عوام نے بلیک میل کرنے کی مودی کی گفتگو کو اپنے عمل سے ردکردیا۔