|

وقتِ اشاعت :   August 20 – 2016

کوئٹہ+مستونگ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں کومبنگ آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے ستائیس مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا۔گرفتار دہشتگردوں میں کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر اور سانحہ کوئٹہ کے سہولت کار بھی شامل ہیں۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے کانک ، نوزہ ،دشت اور ملحقہ علاقوں میں حساس اداروں اور پاک فوج کے خصوصی دستوں نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کومبنگ آپریشن کیا، اس دوران ایف سی ، اے ٹی ایف اور دیگر فورسز نے علاقے کو محاصرہ میں لے رکھا تھا۔ آپریشن میں مجموعی طور پر تین ہزار سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا جبکہ ہیلی کاپٹروں کی مدد بھی حاصل کی گئی، ذرائع کے مطابق مخصوص مقامات پر پاک فوج کے ایس ایس جی کمانڈوز کو بھی ہیلی کاپٹروں سے اتارا گیا، جمعہ کی صبح کومبنگ سرچ آپریشن کے ذریعے مبینہ طور پر کالعدم تنظیموں کے 27کارندے گرفتار کر لئے، جن میں 18ملکی اور 9غیر ملکی افغان باشندے تھے، فورسز کی کارروائی تقریباً بارہ گھنٹے تک جاری رہی۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق مطابق آپریشن کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق کے شبے میں ستائیس افرادکو گرفتار کیا گیا جن میں نو افغان باشندے بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق گرفتار افراد میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور لشکر جھنگوی کے چار انتہائی مطلوب دہشتگرد وں کے علاوہ سانحہ کوئٹہ کے دو سہولت کاربھی شامل ہیں۔ آپریشن کے دوران راکٹ گولے ، کلاشنکوف، دستی بم اور بارودی مواد سمیت بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کیا گیا ۔