|

وقتِ اشاعت :   August 21 – 2016

کوئٹہ: سانحہ کوئٹہ میں شہید ہونیوالے وکیل کے جیب سے چیک چوری کرکے اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کرنیوالے اسپتال کے وارڈ بوائے کو دو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے ساڑھے سترہ لاکھ روپے برآمد کرکے ان کے خلاف تھانہ بروری میں چوری کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ عین الدین ایڈووکیٹ آٹھ اگست کو سول اسپتال بم دھماکے میں شدید زخمی ہوئے تھے انہیں طبی امداد کیلئے بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے تھے۔ اس دوران وارڈ بوائے عبدالغفار ولد ولی جان نے شہید کی جیب سے ساڑھے سترہ لاکھ روپے کا چیک چوری کرلیا تھا جبکہ بٹوہ ان کے ورثاء کے حوالے کردیا ۔ ملزم عبدالغفار نے بعد ازاں اپنے ساتھی محمود خان کے ذریعے ملکر کراس چیک مسلم کمرشل بینک کی ہزار گنجی میں واقع شاخ کیش کراکر ساڑھے سترہ لاکھ روپے کی رقم حمید گل نامی ساتھی کے بینک اسلامی میں قائم اکاؤنٹ میں منتقل کی۔ پولیس کے مطابق شہید کے بھائی حاجی زین الدین کو کوئٹہ سے کراچی جاتے ہوئے راستے میں خضدار کے مقام پر بینک کی جانب سے موبائل فون پر ٹرانزکشن کا پتہ چلا ۔ زین الدین نے فوری طور پر اپنے کزن روز الدین کو آگاہ کیا جس کے نام پر چیک تھا۔ بینک سے معلومات کرنے کے بعد پولیس میں شکایت درج کرائی گئی۔ پولیس نے کھوج لگانے کے بعد وارڈ بوائے اور ان کے دونوں ساتھیوں حمید گل اور محمود خان کو گرفتار کرلیااور ان کے خلاف تھانہ بروری میں مقدمہ نمبر224/16زیر دفعہ380/34 ت پ کے تحت درج کرلیا گیا۔