کوئٹہ : نیب بلوچستان نے جعلی نیب آفیسر کو ڈی سی آفس کوئٹہ سے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیاخود کو نیب افسر اور ریٹائرڈ لیفٹنٹ کرنل ملٹری انٹیلی جنس ظاہر کرنے والا ملزم ریٹائرڈ ڈی ایس پی پولیس کا بیٹا نکلا۔تفصیلات کے مطابق نیب انٹیلی جنس نے ایک عمران علی نامی شخص کو موقع پر اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ ڈی سی آفس میں اپنے دوست کے ہمراہ خود کو نیب افسر متعارف کر وا کر ڈی سی آفس کے عملے پر لوکل سرٹیفیکٹ کے حصول کے لیے دباو ڈال رہا تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم ریٹائرڈ ڈی ایس پی پولیس کا بیٹا اور ہزارہ ہاوسنگ سوسائٹی کا رہائشی ہے۔ ملزم کے موبائل ڈیٹا سے معلوم ہوا ہے کہ وہ ذاتی فائدے حاصل کرنے اور لوگوں کو مرعوب کرنے کے لیے کافی عرصے سے نیب کا نام استعمال کرتا رہا ہے۔ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد مزید تحقیقات کے لیے ملزم کو متعلقہ سول لائن پولیس تھانہ کے حوالے کردیاگیاہے۔