کراچی: رینجرز نے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر کارروائی کی جس میں متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا جب کہ نائن زیرو کو بھی سیل کردیا گیا۔
رینجرز کی بھاری نفری نے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر مکا چوک کا محاصرہ کیا اور عامر خان سمیت 3 افراد کو حراست میں لے لیا۔ رینجرز کی نفری نے نائن زیرو کے اطراف کی گلیوں کا محاصرہ کیا اور ایم پی اے ہاسٹل میں بھی داخل ہوئی، رینجرز اہلکاروں نے ایم پی اے ہاسٹل اور خورشید بیگم میموریل ہال کی بھی تلاشی لی۔ رینجرز نے سرچ آپریشن کے دوران نائن زیرو سے ملنے والے ریکارڈ سمیت دیگر اشیا بھی تحویل میں لے لیں۔
رینجرز کے آپریشن کے دوران خواتین اہلکار بھی ہمراہ تھیں جب کہ اس دوران پولیس کی بھاری نفری کو بھی علاقے میں طلب کرلیا گیا۔ رینجرز نے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو کی مکمل تلاشی لی جس کے بعد اسے سیل کردیا گیا ہے، رینجرز نے ایم کیوایم قائد کے گھر اور شعبہ اطلاعات کو بھی سیل کردیا جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شہر بھر میں متحدہ کے دفاتر کوسیل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ کراچی میں حالات کی کشیدگی اور ایم کیوایم کے رہنماؤں کی گرفتاریوں کے بعد ایم کیوایم کی آفیشل ویب سائٹ کو بھی بند کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب حیدر آباد میں بھی پولیس کو ایم کیوایم کے دفاتر کا گھیراؤ کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے اور پولیس نے شہر بھر میں ایم کیوایم کے دفاتر پر کارروائیاں شروع کردی ہیں۔
رینجرز نے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو کو سیل کردیا
![]()
وقتِ اشاعت : August 23 – 2016