|

وقتِ اشاعت :   August 31 – 2016

کوئٹہ: ایف آئی اے نے افغان طالبان کے سابق سربراہ ملااختر منصور کے شناختی دستاویزات کی تسدیق کے الزام میں ایک اور ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق قبائلی رہنماء ملک محبوب خان نورزئی کو ایف آئی اے کی ٹیم نے پاک افغان سرحدی علاقے چمن میں بوغیرہ کے مقام سے گرفتار کرکے تفتیش کیلئے کوئٹہ منتقل کردیا۔ ملک محبوب خان نورزئی پر الزام ہے کہ انہوں نے قبیلے کے سربراہ کی حیثیت سے ملااختر منصور عرف ولی محمد کے مقامی رہائشی ہونے کے سرٹیفکیٹ (لوکل سرٹیفکیٹ) کی تصدیق کی تھی۔ ملااختر منصور رواں سال 21 مئی کو ایران سے واپسی پر بلوچستان کے ضلع نوشکی میں امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے تھے۔ اختر منصور کو ولی محمد کے نام سے پاکستانی شناختی کارڈ اور دیگر دستاویزات اجراء کرنے میں مدد دینے اور دستاویزات کی تصدیق کرنے پر اب تک کئی سرکاری افسران اور ملازمین کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔