گلگت : آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی ہو یا ’’را‘‘ سن لیں ہم دشمنوں ، ان کی سازشوں اور چالوں کو اچھی طرح سمجھ چکے ہیں ‘ ہماری سرحدیں مکمل محفوظ ہیں اور ملک کی حفاظت اورسلامتی کیلئے آخری حدسے آگے جائیں گے ،پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی ہر صورت اور ہرقیمت پرحفاظت کریں گے ،خنجراب سے راولپنڈی تک اقتصادی راہداری کو محفوظ بنائینگے ‘کرپشن اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ کو توڑ دیں گے‘ دہشت گردی کیخلاف اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں ہمیں آگے دیکھنا ہے اور ترقی کا سفر طے کرناہے ‘ فوج اور عوام ایک ہیں اور فوج جو کچھ کر رہی ہے وہ ملک و قوم کیلئے کر رہی ہے۔، دہشت گردی کے خلاف جنگ کے ساتھ ساتھ ملکی سر حدوں کی حفاظت اور اب سی پیک کی سیکیورٹی بھی فوج کرے گی وہ جمعرات کویہاں 2 ر وزہ سی پیک سیمینار کے اختتامی سیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی حفاظت کیلئے 2 ڈویژن فوج کو خصوصی تربیت دی جا رہی ہے ا یک ڈویژن فوج خنجراب سے راولپنڈی تک سیکیورٹی فرائض سرانجام دے گی جبکہ دوسری پنڈی سے گوادر تک حفاظتی ذمہ داریاں ادا کرے گی ۔ آرمی چیف نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کامیابی سے چل رہا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ کر رہے ہیں اب تک دہشت گردی کے واقعات میں22 ہزار عام شہری ‘ 5 ہزار سیکیورٹی اہلکار شہید ہو چکے ہیں ۔ 48 ہزار افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے ساتھ ساتھ ملکی سر حدوں کی حفاظت اور اب سی پیک کی سیکیورٹی بھی فوج کرے گی۔ آرمی چیف نے خبر دار کرتے ہوئے کہاکہ مودی ہو یا ’’را‘‘ ہو یا کوئی اور سن لیں کہ ہماری سرحدیں محفوظ ہیں ہم اپنے دشمنوں کی چالوں کو سمجھ چکے ہیں۔ پورے یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ ہم صحیح سمیت میں جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملکی سلامتی کیلئے آخری حد سے بھی آگے جائیں گے۔ قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ ملک اور سرحدیں بالکل محفوظ ہیں۔خنجراب سے راولپنڈی تک اقتصادی راہداری محفوظ ہے، آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہاکہ چینی قیادت چاہتی ہے کہ گلگت بلتستا ن کو ارمچی کی طرح ترقی دی جائے۔ مجھے کوئی شک نہیں کہ گلگت بلتستان اس طرح ترقی کرے گا۔ سی پیک کی سیکیورٹی ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ آپریشن ضرب عضب پر پیش رفت ہو رہی ہے۔ کرپشن اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ کو ہر قیمت پر اور ہر سطح پر توڑا جائے گا۔ دنیا کچھ بھی سمجھے یہ ہماری بقاء کی جنگ ہے او راس کو اسی طرح لڑیں گے۔ فوج پوری قوم کے بھلے کیلئے کام کر رہی ہے ۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے طوفان پر جس طرح قابو پایا کوئی اور ایسا نہ کر سکا۔ نوجوانوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ پاک فوج آپ کی فوج ہے۔ میں گلگت بلتستان کو بہت اچھی طرح جانتا ہوں کوئی شک نہیں کہ گلگت بلتستان کے لوگوں سے زیادہ جفاکش کوئی اور نہیں ۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ میرا گلگت بلتستان کے ساتھ بہت پرانا رشتہ ہے۔ یہاں کے چپے چپے سے بخوبی واقف ہوں۔ یہاں مختلف علاقوں میں طویل ترین پیدل سفر کئے ہیں یہاں کے لوگ سمجھدار اور جفا کش ہیں اور کسی سے کم نہیں ہیں۔ پڑوسی دوست ملک چین گلگت بلتستان کو اپنے صوبے سنکیانگ کے مساوی ترقی دینے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ گلگت بلتستان اس طرح ترقی کرے گا جس طرح اورمچی ترقی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں نسٹ یونیوسٹی کا کیمپس کھولا جائیگا ۔ گلگت سکردو کو پاک فوج کی مدد سے تعمیر کیاجائے گا۔ گلگت کو میڈیکل سٹی بنایا جائے گا اور یہاں ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کھولا جائیگا۔